25 جنوری 2024ء

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں انٹرنیٹ سروسز کی غیر قانونی فراہمی کے خلاف چھاپہ

اسلام آباد (25 جنوری 2024): غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ کی فراہمی پر قابو پانے کے لئے جاری کاوشوں کے تسلسل میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس فیصل آباد نے سائبر کرائم سرکل، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) فیصل آباد کے ساتھ مل کر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان کے خلاف کامیاب چھاپہ مارا جو پی ٹی اے کے لائسنس کے بغیر کام کر رہا تھا۔
چھاپے کے دوران آپریشنل انٹرنیٹ سیٹ اپ بشمول الائیڈ آلات یعنی سوئچز، راؤٹرز، او این ٹی اور ایک غیر قانونی ٹاور بشمول 12 ڈش انٹینا قبضے میں لے لئے گئے۔ ایف آئی اے نے چھاپے کے دوران ایک شخص کو موقع پر ہی گرفتار کر کے تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا ہے۔
غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف یہ اقدامات پی ٹی اے کے غیر متزلزل عزم، مسلسل نگرانی اور غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروسز کی روک تھام کے لیے مسلسل کوششوں کو ظاہر کرتے ہیں ۔ یہ اقدامات ٹیکس چوری اور ریونیو کی غلط رپورٹنگ کی روک تھام کے لئے نہ صرف اہم ہیں بلکہ ان سے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصانات میں بھی کمی ہوگی ۔
پی ٹی اے کی جانب سے عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے کے لائسنس یافتہ آپریٹرز سے ہی ٹیلی کام خدمات کا حصول ممکن بنائیں تاکہ سروس کے اچانک تعطل سے بچا جا سکے۔ لائسنس یافتہ آپریٹرز کی فہرست لنک https://pta.gov.pk/en/industry-support/home/list-of-operators پر دستیاب ہے 
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ