23  ستمبر 2021ء

پی ٹی اے نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سپیکٹرم کی نیلامی سال 2021کے لیے اہل درخواست دہندگان کا اعلان کر دیا

(اسلام آباد: 23ستمبر 2021 )انفارمیشن میمورنڈم (آئی ایم) میں بیان کردہ ٹائم لائنز کے مطابق آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) 2021کے لیے سپیکٹرم کی نیلامی کے حوالے سے پی ٹی اے کو 22 ستمبر 2021 کو سی ایم پاک(زونگ)، پی ایم سی ایل (جاز)، پی ٹی ایم ایل (یوفون) اور ٹیلی نار پاکستان کی طرف سے 1800 اور 2100 میگا ہرٹز دونوں سپیکٹرم بینڈ کے لیے بولیاں وصول ہو ئیں۔ جمع کرائی گئی بولیوں کی جانچ پڑتال کے بعد، پی ٹی اے نے چاروں بولی دہندگان کو کامیاب قرار دے دیا۔ مزید یہ کہ 1800 میگا ہرٹز بینڈ کے لیے 28 ستمبر 2021 کو آئی ایم میں شائع شدہ نیلامی قواعد کے مطابق نیلامی ہو گی، جبکہ 2100 میگا ہرٹز بینڈ کے لئے الیکٹرانک نیلامی نہیں ہو گی۔ 
 موجودہ سپیکٹرم کی نیلامی سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے صارفین کو بہتر و معیار ی خدمات میسر ہوں گی اور آواز اور ڈیٹا سروسز کے لیے خدمات کی دستیابی میں توسیع میں بھی معاونت ملے گی ۔ علاوہ ازیں اس سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شعبہ سیاحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو ں گے جبکہ سیاحوں کو آوازاور موبائل براڈ بینڈ کی بہتر خدمات میسر آئیں گی۔ مزید برآں، مجموعی آمدنی اور نیلامی کے حتمی نتائج کا اعلان 28 ستمبر 2021 کو نیلامی کا عمل مکمل ہونے کے بعدکیا جا ئے گا۔
پی ٹی اے نیلامی کا عمل بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹ جے وی ٹیلکونیٹ/ فرنٹیئر اکنامکس کی مدد سے کر رہا ہے جو اپریل 2021 سے اس عمل میں شامل ہے اور اس نے موبائل فون کے شعبے ودیگر شراکت داروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کی۔ 
 
 
خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ