04 جنوری 2024ء

سموں کے غیر قانونی اجراء کے خلاف پی ٹی اے کا کامیاب چھاپہ

اسلام آباد (4جنوری2024):سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس لاہور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل کے ساتھ مل کرشیخو پو ر ہ میں ایک موبائل فون کمپنی کی فرنچائز پر ایک کامیاب چھاپہ مارا۔یہ فرنچائز سموں کے غیر قانونی اجراء میں ملوث پائی گئی تھی ۔ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی سموں کے غلط استعمال کو روکنا ہے، جو کہ عام طور پر جرائم( دھوکہ دہی) میں استعمال ہو سکتی ہیں ۔

 چھاپے کے دوران 6فعال سمیں اور 11 بی وی ایس ڈیوائسز قبضے میں لے لی گئیں۔ جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم نے دوافراد کو شامل تفتیش کر لیا ہے ۔ ایف آئی اے کی جانب سے معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ 

واضح رہے کہ پی ٹی اے نے سم کارڈ ایکٹیویشن سے متعلقہ بے ضا بطگیوں کی نشاندھی کے لیے ایک نظام قائم کیا ہے ۔ اس تکنیکی اپ گر یڈیشن کے ذریعے مشتبہ سم ایکٹیو یشنز کی نشاندھی کا نظام فعال کیا گیاہے۔ اس قسم کے چھاپے ، سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے کی جانب سے جار ی کو ششوں کا مظہر ہیں ۔