25  اگست 2022ء

پی ٹی اے کنزیومر کانفرنس 2022 کا انعقاد

اسلام آباد (25 اگست، 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آج کنزیومر کانفرنس 2022 کا انعقاد کیا جس کا موضوع ''صارفین سب سے پہلے '' تھا۔ وزیراعظم کی سٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ جناب سلمان صوفی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سی ای او یو ایس ایف پاکستان، آئی ٹی اور ٹیلی کام شعبے کے نمائندوں، صارفین کے حقوق کے گروپس اور عوام نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
تقریب میں آن لائن شرکت کرتے ہوئے پی ایم اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ نے کہا کہ یہ کانفرنس براہ راست صارفین کی آراء جاننے کے لئے ایک بہترین موقع ہے بالخصوص وہ مسائل جن کا عوام کو سامنا درپیش ہے انہوں نے اس موقع پر پی ٹی اے کی جانب سے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات جیسے کہ نامناسب/ٹیلی مارکیٹنگ پیغامات کے لیے آپٹ آؤٹ/ان سبسکرائب کرنے کے طریقہ کار کا بھی ذکر کیا ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم کے ''ڈیجیٹل اکانومی '' وژن کی روشنی میں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہی ہے۔ مستقبل قریب میں سٹیزن ڈیٹا پرائیویسی قانون کا نفاذ بھی عمل میں لایا جائے گا جس سے شہریوں اور کاروباری اداروں کے ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ نے کہا کہ پی ٹی اے ٹیلی کام صارفین کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنزیومر کانفرنس پی ٹی اے کی جانب سے عوام سے بحیثیت صارف براہ راست رائے لینے کی ایک اور سنجیدہ کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی اے صارفین کے مسائل کے حل کے لیے صارف کے اطمینان کی سطح کو بہتر بنانے کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے، ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر نے کہا کہ پی ٹی اے ایک ترقی پسند ریگولیٹر ہونے کی حیثیت سے صارفین کے تجربے کی بہتری اور شعبے کی ترقی کے لئے پر عزم ہے ۔ 
کانفرنس کے دوران پریزنٹیشنز بھی دی گئیں۔ یو ایس ایف پاکستان کے سی ای او حارث محمود چوہدری نے شرکاء کو یو ایس ایف کے منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا اور شہری و دیہی علاقوں میں ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے لیے یو ایس ایف کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ جاز اور پی ٹی سی ایل کے نمائندوں نے بالترتیب ٹیلی کام شعبے کے موجودہ منظر نامے اور معیاری سروس کی فراہمی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ ڈی جی سی پی ڈی عبدالصمد اور ڈی جی انفورسمنٹ پی ٹی اے بریگیڈیئرمحمد شعیب نے پی ٹی اے کو موصول ہونے والی صارفین کی شکایات ، سروس کے معیاراور غیر قانونی سموں وغیرہ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔
صارفین کے حقوق کے گروپوں کے نمائندوں میاں عرفان اکرم، پنجاب چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) اورکمال زادہ، پروگرام کوآرڈینیٹر، کنزیومر رائٹس کمیشن آف پاک (سی آر سی پی) نے صارفین کے مسائل پر توجہ دینے پر پی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پی ٹی اے اور ٹیلی کام شعبے کے صارفین کو درپیش بنیادی مسائل، جیسے سروس کے معیار سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے ۔تقریب کے آخر میں حاضرین کے ساتھ براہ راست سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں عوام نے بھی حصہ لیا ۔