10  ستمبر 2021ء

پریس ریلیز

اسلام آباد (10 ستمبر، 2021): انفارمیشن میمورنڈم (آئی ایم) میں بیان کردہ ٹائم لائنز کے مطابق پاکستان میں سپیکٹرم آکشن فار نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) 2021 کے لیے درخواستوں کے کھلنے اور ممکنہ درخواست دہندگان کی جانب سے بولی کی پیشکشوں کی وصولی کا عمل 9 ستمبر 2021 کو مکمل ہوا۔ 
پی ٹی اے کو پی ٹی ایم ایل (یوفون) کی جانب سے بولی موصول ہوئی، جمع شدہ بولی کی جانچ پڑتال کے بعد پی ٹی اے نے پی ٹی ایم ایل کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔
اس نیلامی سے 279 ملین امریکی ڈالر ( علاوہ ایڈوانس ٹیکس ) کی آمدنی ہوگی۔ حکومت 15 دن کے اندر 23.44 ارب روپے 50فیصد پیشگی ادائیگی کے طور پر وصول کرے گی، جس میں سے مذکورہ رقم کا 20 فیصد یعنی 9.38 ارب روپے 9 ستمبر 2021 کو وصول ہوچکے ہیں۔ بقیہ 50 فیصد رقم کی ادائیگی 5 مساوی سالانہ قسطوں میں کی جائے گی۔
یوفون نے 1800 میگا ہرٹز بینڈ میں 9 میگا ہرٹز کل سپیکٹرم جیتاجو کہ موجودہ نیلامی کے دوران مذکورہ بینڈ میں پیش کردہ کل سپیکٹرم کا 70.3 فیصد ہے۔ اس اضافے سے 1800 میگا ہرٹز بینڈ میں یوفون اسپیکٹرم ہولڈنگ 6 میگا ہرٹز سے 15 میگا ہرٹز تک بڑھ جائے گی۔ اس سے یوفون کو بہتر معیار کی فراہمی اور وائس اور ڈیٹا سروسز کے حوالے سے کوریج فوٹ پرنٹ کی توسیع میں معاونت ہوگی۔
پی ٹی اے نے نیلامی کا عمل بین الاقوامی شہرت یافتہ کنسلٹنٹ فرنٹیئر اکنامکس کی مدد سے مکمل کیا جو کہ جنوری 2021 سے آن بورڈ تھا اور موبائل فون کے شعبے اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد یہ عمل ہوا۔
مزید یہ کہ، حکومت نے اکتوبر 2020 میں وزیر خزانہ کی زیر صدارت آکشن ایڈوائزری کمیٹی تشکیل دی۔ ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی نے 4 اگست 2021 کو پالیسی ہدایت جاری کی جس کے تحت یہ عمل مکمل ہوا۔
یوفون کو لائسنس جاری کیا جائے گا جس میں صارفین کے لیے بہتر نیٹ ورک رول آؤٹ اور کوالٹی آف سروس کے معیارات شامل ہیں۔