04  ستمبر 2022ء

سیلاب سے متاثرہ مزید ٹیلی کام سائٹس بحال

اسلام آباد (4 ستمبر 2022): سیلاب زدہ علاقوں میں رابطوں کی بحالی کے لیے پی ٹی اے اور ٹیلی کام آپریٹروں کی بھرپور کاوشوں کے نتیجے میں غیر فعال سائٹس کی تعداد 429 تک کم رہ گئی ہے جو کہ ملک بھر میں کل سائٹس کا 0.8 فیصد ہے۔ مزید برآں ملک بھر میں کنیکٹیویٹی کی فراہمی کے لیے آپٹیکل فائبر بیک ہال کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ اس وقت ملک بھر میں 850 سے زائد ٹیمیں ٹیلی کام خدمات کی مرمت و بحالی کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔
باقی ماندہ سائٹس کی بحالی کے حوالے سے پی ٹی اے عوام کو اپ ڈیٹ کرتا رہے گا۔ فی الوقت سیلابی پانی کی وجہ سے غیر فعال سائٹس ناقابل رسائی ہیں لیکن آس پاس کی دیگر آپریشنل سائٹس کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ مواصلاتی تعطل نہ ہو۔واضح رہے کہ 3 ستمبر کو متاثرہ مقامات کی تعداد 568 تھی۔تاہم جیسے جیسے پانی کی سطح کم ہوگی تمام سائٹس کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے گا۔