29 جنوری 2024ء

چیئرمین پی ٹی اے کی جانب سے وزیراعظم کو سالانہ رپورٹ 2023 پیش

اسلام آباد (26 جنوری 2024): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان(ایچ آئی ایم) نے نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کے دوران انہیں پی ٹی اے کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2023 پیش کی۔ یہ رپورٹ پچھلے سال کے دوران ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں قابل ذکر پیشرفت پر مشتمل ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے پاکستان کے شہریوں کو اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی اے کی جانب سے کیے گئے اہم سنگ میل، ریگولیٹری اقدامات اور اسٹریٹجک اقدامات پر روشنی ڈالی۔
دوران ملاقات نگران وزیراعظم نے پی ٹی اے کی کاوشوں کو سراہا اور ٹیلی کام شعبے کی ترقی و ترویج پی ٹی اے کے اہم کردار کو سراہا۔ یہ ملاقات ٹیلی کمیونیکیشن کے جدید منظر نامے اور قومی سماجی و اقتصادی انفراسٹرکچر کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوئی ۔ 
رپورٹ کے مطابق سال 2022-23 میں بہ لحاظ محصولات ٹیلی کام کے شعبے میں 850 بلین روپے آمدنی ہو ئی جس سے اقتصادی چیلنجوں کے باوجود 17 فیصد بڑھوتری ظاہر ہو تی ہے۔ مزید برآں موبائل فون سروسز پاکستان کی 90 فیصد آبادی کے لیے دستیاب ہیں۔ ٹیلی کام صارفین ستمبر 2023 کے آخر میں 130 ملین براڈ بینڈ صارفین کے ساتھ 192 ملین تک پہنچ گئے ہیں۔ زیر جائزہ سال کے دوران شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے متعدد ریگولیٹری اقدامات اٹھائے گئے۔
واضح رہے کہ سالانہ رپورٹ 2023 ٹیلی کام کے شعبے کو ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب گامزن کرتے ہوئے عالمی معیارات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے پی ٹی اے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ رپورٹ بروز سوموار مورخہ 29 جنوری 2024 کو پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر باضابطہ طور پر آپ لوڈ کر دی جائے گی۔