19 اپریل 2024ء

چیئرمین پی ٹی اے کا ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ڈیجیٹل تبدیلی کے کردار پر زور

19) اپریل2024ء) چیئر مین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل حفیظ الرحمن (ریٹائرڈ) نے آئی ٹی سی این ایشیاء 2024 میں سی ایکس او گلوبل فورم کی ڈیجیٹل سمٹ سے اظہار خیال کے دوران ملک کے مستقبل کی تشکیل میں ڈیجیٹل تبدیلی کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔
چیئرمین نے جامع ترقی، خدمات کے معیار کی بہتری اور ڈیجیٹل طور پر بااختیار معاشرے کے فروغ کے لئے جدید حل اور ریگولیٹری اصلاحات کے نفاذ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ ٹیلی کام کے شعبے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع اور ملک بھرمیں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز تک وسیع پیمانے پر رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے فورم کو پی ٹی اے کی کاوشوں اور فائیو جی کے تعارف اور آغاز کے حوالے سے مستقبل کے روڈ میپ سے بھی آگاہ کیا، جس میں بنیادی ڈھانچے، ریگولیشنز، سپیکٹرم ایلوکیشن پر توجہ مرکوز کی گئی اور مستقبل کے لیے تیار ٹیلی کام ایکو سسٹم کے لیے بہترین کارکردگی کے عزائم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ 
چیئرمین پی ٹی اے نے 24 ویں آئی ٹی سی این ایشیا ء کے ٹیلی کام پویلین کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے منتظمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے صنعت کی جدت طرازی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر پویلین میں موجود اسٹارٹ اپس اور دیگر ایکو سسٹم اسٹیک ہولڈرز سے بھی بات چیت کی۔ سمٹ کا افتتاح وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کی سیکرٹری جنرل دیمہ الیحیٰی نے کیا۔ 
واضح رہے کہ آئی ٹی سی این ایشیا کا 24 واں ایڈیشن پاکستان کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایجنڈے کی توسیع اور تکنیکی جدت طرازی کے لئے ابھرتے ایکو سسٹم کے فروغ پر مبنی محرک کے طور پر سر گرم عمل ہے۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ