05 جولائی 2019ء

فائیوجی نیٹ ورکس کے موضوع پر ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی

(پ ر: 5جولائی 2019)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام اور جی ایس ایم ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے) کے تعاون سے فائیوجی نیٹ ورکس کے عنوان پر منعقدہ دو روزہ ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ یہ ورکشاپ’ پی ٹی اے ۔جی ایس ایم اے کیپسٹی بلڈنگ سینٹر برائے ایکسلینس پروگرام‘ کے تحت منعقد کی گئی۔ ورکشاپ میں مختلف ممالک میں فائیوجی ٹیکنالوجی کی بنیاد، اس کے ارتقائی مراحل و آزمائش اور ٹرائل و ترقی کے مو ضوعات زیر بحث آئے۔ غیر ملکیوں سمیت تقریبا30 افرادنے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی۔ 
اس تربیتی پروگرام میں متعدد سیشن قومی و بین الاقوامی اسپیکر ز کی سربراہی میں جاری رہے۔ آئی سی ٹی کے شعبے میں ابھرنے والے مسائل اور چیلنجز پر قابو پانے کے لئے نئے طریقے اور وسائل کا جائیزہ لیا گیا۔اس موقع پر پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے بحیثت ریگولیٹر ہمیشہ سے ہی حکومتی پالیسیوں کے پیش نظر ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے شہریوں کی بہتری کے لئے جدید خیالات و اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتارہا ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے فائیو جی کی آزمائش کے لئے لائسنس یافتہ آپریٹر، اکیڈمیہ، آر اینڈ ڈی آرگنائزیشن اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چےئرمین نے مزید کہا کہ پاکستان کچھ ہی عرصے میں فائیو جی خدمات متعارف کرائے گا اور صارفین تیز تر براڈ بینڈ خدمات کے تجربے سے روشناس ہو سکیں گے۔ورکشاپ کے اختتام پر چےئرمین پی ٹی اے نے ورکشاپ کے شرکا ء میں اسناد تقسیم کی۔ 
واضح رہے کہ پی ٹی اے میں پہلے بین الاقوامی پی ٹی اے ۔جی ایس ایم اے کپسٹی بلڈنگ سنٹر آف ایکسی لینس کا قیام ریجنل ریگولیٹری ٹریننگ کے فروغ کے لئے عمل میں لایا گیا۔ 
 
 
 
 
خرم مہران 
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ