20  ستمبر 2019ء

اسلام آباد اورفیصل آباد میں مزید دو غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینجز پر چھاپے

 
)اسلام آباد:20 ستمبر (2019غیرقانونی گرے ٹریفک کی روک تھام کے حوالے سے جاری کوششوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ساتھ مل کراسلام آباد اور فیصل آباد میں دو کامیاب چھاپوں میں غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کے نیٹ ورکس کو پکڑ لیا۔
پہلا چھاپہ پی ٹی اے زونل دفتر راولپنڈی کی ٹیم نے ٹریڈ سینٹر ایف 11 مرکز اسلام آباد میں مارا جس میں ایک لیپ ٹاپ، انٹر نیٹ ڈیوائس اور ایک پی ایس ٹی این گیٹ وے بشمول 20 فعال لینڈ لائن نمبر قبضے میں لے لئے گئے۔ سیٹ اپ کے مالک کو مو قع پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔ 
غیر قانونی گرے ٹریفکرز کے خلاف دوسرا کامیاب چھاپہ پی ٹی اے کے زونل دفتر لاہور کی ٹیم نے ایف آئی اے کے ساتھ مل کر فیصل آباد میں مارا ۔ یہ چھاپہ فیصل آباد کے ایک گاؤں سنتا چک نمبر 229RB میں مارا گیا۔ جس میں تین گیٹ ویز، 332 پورٹس ، تین ٹی پی لنک راؤٹرز، تین انٹر نیٹ ڈیوائسز ، ایک انٹر نیٹ یو ایس بی، 140 سمز قبضے میں لے لی گئیں۔ موقع پرعابد حسین نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا جس سے مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔ جمعرات کو فیصل آباد میں پہلے ہی ایک اور کامیاب چھاپہ مارا جا چکا ہے۔ 
غیر قانونی ٹریفک کی روک تھام کے لئے یہ کامیاب چھاپے پی ٹی اے کی لگاتار مانیٹرنگ، عزم اور مسلسل کوششوں اور ایف آئی اے کے تعاون کی بدولت ممکن ہو سکے ۔ 
 
 
 
خرم مہران ڈائریکٹر تعلقات عامہ