08 مئی 2023ء

پی آر ایس کے حوالے سے تین روزہ سیٹرک ورکشاپ کا آغاز

اسلام آباد (8 مئی 2023): ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (سیٹرک-23) پالیسی ریگولیشن اینڈ سروسز کے حوالے سے ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز آج اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ہوا۔ جنوبی ایشیا کے ماہرین اور پالیسی سازوں کو ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر میں نئی ٹیکنالوجیز، ریگولیشنز اور پالیسیوں سے متعلق اہم معاملات پر اظہار خیال کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام اس تین روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا ۔
تقریب کا آغاز ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی ) کے سیکرٹری جنرل مسٹر مسانوری کونڈو کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ انہوں نے مندوبین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ورکشاپ کے انعقاد میں پی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں ڈی جی ایس اینڈ ڈ ی جو کہ سیٹرک ورکنگ گروپ آن پالیسی، ریگولیشن اینڈ سروسز (پی آر ایس ) کے سربراہ بھی ہیں، نے افتتاحی تقریب سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید کے افتتاحی خطاب کے دوران پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ شعبہ تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا اس بات کو یقینی بنانے میں ریگولیٹر کا ایک اہم کردار ہے کہ معیاری خدمات کے حوالے سے صارفین کو محفوظ اور شہریوں کے لیے فائدہ مند طریقے سے فراہمی عمل میں لائی جائے ۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام (ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی)نوید احمد شیخ نے بھی اظہار خیال کیا جس میں انہوں نے خطے میں جدت اور اقتصادی ترقی کی توسیع میں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے کردار پر زور دیا۔
ورکشاپ کا پہلا روز تین سیشنز پر مشتمل تھا جس میں اے پی ٹی، ایس اے ٹی آر سی کا جائزہ لیا گیا ۔ دوسرے سیشن میں ا بھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور پالیسی ، ریگولیشن، اور کنیکٹیویٹی لینڈ سکیپ کا جائزہ لیا گیا جس کے موضوعات میٹا ورس ، انٹر نیٹ آف تھنگز (آئی او ٹی )، ڈبلیو ایل اے این کا ارتقاء (وائی فائی 6جی)، فیوچر جنریشن برائے موبائل ٹیلی فونی (ٹیریسٹریل اور سیٹلائٹ سکس جی) اور فری اسپیس آپٹیکل (ایف ایس او یعنی وائرلیس کمیونیکیشن ٹی ایچ زید اور اس سے آگے)پر مشتمل تھے۔ تیسرا سیشن فائیو جی ٹیکنالوجی اور اس کے ماحولیاتی نظام کی پالیسی اور ضوابط سے متعلق تھا ۔
واضح رہے کہ پی آر ایس کے مو ضوع پر سیٹرک ورکشاپ تین روز تک جاری رہے گی، جس میں جنوبی ایشیائی ممالک کے ماہرین مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ تاہم چند اہم موضوعات میں ٹیلی کام ایکٹیو انفراسٹرکچر شیئرنگ، او ٹی ٹی سروسز اور ایپلی کیشنز، این جی ایس او سیٹلائٹ کانسٹیلیشن اور باہمی تعاون کے پائیدار اور ضوابط پر مبنی پہلو بھی شامل ہیں۔ 
 
 
ملاحت عبید 
ڈائیریکٹر تعلقات عامہ