11 مارچ 2024ء

موبائل فون سروس کی جانچ کے لئے پی ٹی اے کا کیو او ایس سروس سروے

اسلام آباد (11 مارچ 2024): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کو فراہم کی جانے والی موبائل فون آپریٹرز (سی ایم اوز) کی خدمات کی کارکردگی اور معیار کے جائزے کے لئے پاکستان کے سترہ (17) شہروں بشمول خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر کے تین (3) شہروں میں ایک آزادانہ کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے کیا۔ 
سروے کے راستوں کا انتخاب مین سڑکوں، سروس روڈز، اور مختلف سیکٹرز/کالونیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا جس میں 79 دنوں میں 14,000 کلومیٹر پر مشتمل زیادہ سے زیادہ رقبہ کا احاطہ کیا گیا ۔ موبائل فون سیٹس بالخصوص آزاد جموں و کشمیر کے شہروں میں جو ٹیکنالوجی کے آٹو ڈیٹیکٹ اور تھری جی لاک موڈ پر سیٹ ہیں، وائس کالز، ایس ایم ایس، اور موبائل براڈ بینڈ/ڈیٹا سیشنز کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔ سروے میں ڈیٹا کے لیے 0.25 ملین ٹیسٹ، وائس اور ایس ایم ایس کے لیے 45,000، اور Ookla میں 0.13 ملین ٹیسٹ شامل تھے۔ اس عمل میں خودکار کیو او ایس مانیٹرنگ اور بینچ مارکنگ ٹولز کا استعمال کیا گیا تاکہ نیکسٹ جنریشن موبائل سروس (این جی ایم ایس)لائسنسز اور سیلولر موبائل نیٹ ورک کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) ضوابط 2022 کے مطابق موبائل فون نیٹ ورک سروس کے معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
متعلقہ لائسنسوں اور کیو او ایس ضوابط میں بیان کردہ حد کے مطابق سروے شدہ شہروں میں ہرکے پی آئی کی تعمیل کی سطح کی بنیاد پر، سی ایم اوز کو موبائل نیٹ ورک کوریج اور وائس سروسز میں 1 سے 5 ویں نمبر پر رکھا گیا تھا۔ موبائل براڈ بینڈ سپیڈ سیگمنٹ میں، درجہ بندی سب سے زیادہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ کی رفتار، نیٹ ورک میں تاخیر، اور ویب پیج لوڈنگ ٹائم جیسے عوامل پر مبنی تھی۔
سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ پچھلے سروے کے مقابلے میں سی ایم اوز بہت حد تک اپ لوڈ نگ اور ڈاؤن لوڈنگ کی رفتار کے حوالے سے نیٹ ورک لیٹنسی اور ویب پیج لوڈنگ کے وقت میں بہتری کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ تاہم، مخصوص وائس کے پی آئیز مخصوص علاقوں میں لائسنس یافتہ حد سے نیچے ہے ۔ ایڈ وانس ٹیکنالوجیز جیسا کہ ایل ٹی ای کیریر ایگریگیشن اور وائس اوور ایل ٹی ای کا استعمال کرنے والے آپریٹرز بہتر معیار کی خدمات فراہم کر رہے ہیں ۔ آپریٹروں کو سروس کے معیار پر پورا اترنے اور اس کی بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ سروے کے نتائج پی ٹی اے کی ویب سائٹ (https://pta.gov.pk/en/consumer-support/qos-survey/qos-survey) پر دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیمیں آپریٹرز کی موبائل فون سروسز کی توسیع اور صحت مند مسابقت کے فروغ کے لیے سروس کے معیار کی نگرانی کر رہی ہیں۔