29 فروری 2024ء

جی ایس ایم اے، ایم ڈبلیو سی 2024 میں پی ٹی اے کی 'ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی'کا افتتاح

اسلام آباد (28 فروری 2024): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بارسلونا، اسپین میں جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2024 میں 'ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی' کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں بین الاقوامی اداروں کے اعلیٰ سطحی مندوبین، قومی آپریٹرز اور خواتین کو بااختیار بنانے کے فورمز پر مبنی نمائندوں نے شرکت کی۔ یہ اقدام صنفی شراکتی عمل کی توسیع اور پاکستان میں خواتین کے لیے جامع مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کی توسیع میں ایک اہم پیشرفت ہے. یہ حکمت عملی یونیسکو پاکستان کے تعاون سے تین سالہ ایکشن پلان کے ساتھ تیار کی گئی.
 
چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے حکمت عملی کے مقاصد پر روشنی جس میں ڈیجیٹل اسپیس میں صنفی مساوات کے طور پر پی ٹی اے کے عزائم کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا، ''یہ حکمت عملی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے فوائد جنس سے قطع نظر سب کے لیے قابل رسائی ہیں۔ لہٰذا مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین کو عملی طور پر شمولیت کا ہمارا مقصد ایک ایسے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کی تشکیل ہے جس کی پروان جدت اور مساوی مواقع پر مشتمل ہے۔''
 
یونیسکو میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل، کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن (سی آئی)، ڈاکٹر توفیق جیلسی نے پی ٹی اے اور یونیسکو کے مابین تعاون پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے اور یونیسکو کے مابین یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت کے عمل کی ترویج کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔ یونیسکو پاکستان میں خواتین کے لیے ڈیجیٹل خواندگی اور ہنر میں اضافے کی کوششوں میں پی ٹی اے کو معاونت کرے گا۔
 
مہمان خصوصی، اعزازی سیکرٹری جنرل، ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی)، مسٹر مسانوری کونڈو نے حکمت عملی کی وسیع اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس سلسلے میں پی ٹی اے اور اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور صنفی شمولیت کے اقدامات کے لیے اے پی ٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
 
پبلک پالیسی جی ایس ایم اے اے پی اے سی کی سربراہ جینیٹ وائٹ نے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا جبکہ ڈیجیٹل شمولیت کی سربراہ، موبائل 4 ڈیولپمنٹ (ایم 4 ڈی) جی ایس ایم اے، کلیئر سیبتھورپ نے شرکاء کے مابین مباحثے کی بنیاد رکھی جس میں ڈیجیٹل شمولیت کے عمل کی توسیع میں باہمی تعاون کی کوششوں پر زور دیا گیا۔
 
ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی اپنے نفاذ کے روڈ میپ، ٹائم لائنز، اور نتائج کا خاکہ پیش کرتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ حکمت عملی قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور انفرادی ماہرین سے موصول کردہ ردعمل سے تیار کی گئی ہے۔ یہ دستاویز پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر دستیاب ہے۔
 
 ملاحت عبید 
ڈائر یکٹر تعلقا ت عامہ