20 فروری 2024ء

پی ٹی اے، این سی آر سی، یونیسیف اور ٹیلی نار پاکستان کا بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے اشتراک

اسلام آباد (20 فروری 2024):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی)، اقوام متحدہ کے انٹرنیشنل چلڈرن فنڈ (یونیسیف) اور ٹیلی نار پاکستان کے اشتراک سے ٹیلی نار 345 ہیڈ کوارٹرز میں پیرنٹل گائے ڈ بعنوان ”سیف گارڈنگ یور چائلڈز ان دی 'ڈیجیٹل ایج -گائیڈ فار کیئر گیورز اور پالیسی بریف آن چائلڈ آن لائن پروٹیکشن“ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام (ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی)، پی ٹی اے، ٹیلی نار، این سی آر سی کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
نگران وزیر آ ئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر سیف نے موجودہ ڈیجیٹل دور میں بچوں کے آن لائن تحفظ کی اشد ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف بچوں کے لئے ایک محفوظ آن لائن ماحول کا قیام عمل میں لائیں بلکہ ڈیجیٹل منظر نامے کے محفوظ طریقہ استعمال کے ذریعے ان کی فعال تعلیم اور معاونت میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ 
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن نے کہا کہ پی ٹی اے ایک ایسے محفوظ آن لائن ماحول کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے، جس میں ملک کے نوجوانوں اور بچوں کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانے اور انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جاری تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔
 اس موقع پر ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او خرم اشفاق نے کہا کہ ایک حیران کن اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا بھر میں ہر تین میں سے ایک بچہ انٹرنیٹ صارف ہے جس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ بچوں کے آن لائن تجربے کا تحفظ وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔
''ہر بچے کو نقصان یا استحصال سے پاک اور محفوظ طریقے سے انٹرنیٹ استعمال کرنے کا حق ہے۔ این سی آر سی کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں شعور کی بیداری، فریم ورک برائے قانون سازی کو مضبوط بنانے اور اپنے بچوں کو ان علوم اور مہارتوں کے ساتھ ساتھ بااختیار بنانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے جوبچوں کے ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ طریقے سے آگے بڑھنے کے لئے ضروری ہیں۔
تقریب میں اسکولوں کے بچوں اور ان کی دیکھ بھال پر مامور افراد پر مشتمل ایک انٹرایکٹو سیشن بھی شامل تھا۔ اس سیشن کا مقصد بچوں کو آن لائن خطرات کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرنا اور محفوظ آن لائن طریقہ کار کو فروغ دینا تھا۔جس سے اداروں کی جانب سے ایک محفوظ آن لائن تجربے کے لئے ضروری ٹولز کے ساتھ بچوں اور دیکھ بھال پر مامور دونوں کو بااختیار بنانے کے مثبت عزائم ظاہر ہوتے ہیں۔