10 اکتوبر 2023ء

سوشل میڈیا/انٹرنیٹ کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کے لیے پی ٹی اے کا مذہبی اسکالرز کے ساتھ اجلاس

اسلام آباد (10 اکتوبر 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں ممتاز مذہبی اسکالرز کے ساتھ اجلاس کے ذریعے انٹرنیٹ کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا۔ آج منعقد ہونے والی یہ تقریب ثقافتی ومذہبی اقدار کے ہم آہنگ ڈیجیٹل ماحول کو فروغ دیتے ہوئے سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے چیلنجوں کے پیش نظر پی ٹی اے اور مذہبی رہنماؤں کے درمیان ایک مشترکہ کوشش کا پیش خیمہ ثابت ہوئی ۔
اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز ،رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور مولانا طارق جمیل سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
تقریب کا آغاز ڈائریکٹر جنرل، ویب انا لائسز ڈویژن (ڈبلیو اے ڈی) کے افتتاحی کلمات سے ہوا جنہوں نے پی ٹی اے کی جانب سے اس اہم اقدام پر روشنی ڈالی ۔ 
چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کیا اور عوام میں انٹرنیٹ کے اخلاقی و ذمہ دارانہ استعمال کی جانب رہنمائی میں مذہبی سکالرز کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر اسکالرز اپنے پلیٹ فارمز کے ذریعے پی ٹی اے کے ساتھ تعاون کریں تو اس کے زیادہ مثبت نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
اجلاس کے ذریعے شرکاء کو بحث اور مکالمے کے لیے ایک وسیع پلیٹ فارم مہیا کیا گیا۔ اجلاس کے اہم نکات میں نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ استعمال خصوصاً والدین کا اپنے بچوں کی تعلیم میں اہم کردار سے متعلق آگاہی پر زور دیا گیا۔اس موقع پر قرآن پاک اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو رہنما ء ہدایات کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
آن لائن خطرات جیسے ریاست مخالف، توہین آمیز اور نفرت انگیز تقاریر کی سنگینی کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ ان کی نشاندہی اور سدباب ریاست ، عدلیہ ،پی ٹی اے، پیمرا، ایف آئی اے سمیت انفرادی سطح پر سب کی ذمہ داری ہے۔
اسکالرز کی جانب سے اس موقع پر انٹرنیٹ کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ میں پی ٹی اے کے عزائم اور کاوشوں کی تعریف کی گئی اور ریگولیٹر کو اپنے مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلایا گیا ۔ واضح رہے کہ یہ اجلاس سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ کے محفوظ و ذمہ دارانہ استعمال کے ضمن میں عوام الناس کو علماء کرام کے ذریعے آگاہی کے سلسلے کی پہلی کڑی ہے ۔
 
 
ملاحت رب 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ