11 اکتوبر 2023ء

پی ٹی اے کا غیر قانونی سموں کے اجراء پر کریک ڈاؤن جاری

اسلام آباد (11 اکتوبر 2023) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس، پشاور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل کے تعاون سے کوہاٹ روڈ، پشاور پر واقع موبائل فون کمپنی کی ایک فرنچائز پر چھاپہ مارا۔
فرنچائزی اور اس کی ٹیم افغان پاسپورٹ پر سموں کے غیر قانونی اجرا میں ملوث تھی۔ اطلاعات کے مطابق، یہ فرنچائز ایک افغان شہری چلا رہا تھا اور فعال سمیں افغان شہریوں کو 3000 روپے میں فروخت کی جا رہی تھیں۔
سکین شدہ پاسپورٹ ڈیٹا پر مشتمل پانچ لیپ ٹاپ اور آٹھ موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے۔ مزید برآں، ایف آئی اے نے موقع پر ہی پانچ افراد کو حراست میں لے لیا، اس حوالے سے مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔ پی ٹی اے نے اس سے قبل سیلز چینل کی جانب سے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایت درج کرائی تھی۔
سال رواں میں یہ بارہواں چھاپہ سموں کے غیر قانونی اجراء کی روک تھام کے لیے پی ٹی اے کے مسلسل عزائم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ