29 مارچ 2023ء

پی ٹی اے اور یونیسیف پاکستان کی جانب سے چائلڈ آن لائن پروٹیکشن پر تعاون

اسلام آباد (29 مارچ، 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اوریونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز فنڈ (یو این آئی سی ای ایف ) کی جانب سے پاکستان میں بچوں کے لیے ایک محفوظ اورفائدہ مند آن لائن ماحول کے فروغ پر تعاون کیا گیا ۔ اس تعاون کا مقصد بچوں کے حوالے سے آن لائن بدسلوکی پر مبنی واقعات کی روک تھام ، رپورٹنگ اور استعداد کار کے فروغ کے ذریعے بچوں،ان کی دیکھ بھال پر مامور افراد اور اساتذہ کو انٹرنیٹ کے ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس تعاون کے تحت، پی ٹی اے کی جانب سے بچوں کے تحفظ کے لیے پورے پاکستان میں ٹول فری نمبر '1121' مفت ایمرجنسی ہیلپ لائن کے طور پر مختص کیا گیا ہے جبکہ اس ضمن میں دیگر امور پر دونوں ادارے اپنی توجہ مرکوز کریں گے۔ 
تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے محمد نوید اور یونیسیف پاکستان کے نمائندے عبداللہ فا ضل، پی ٹی اے اور یونیسیف کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے پاکستان میں بچوں کو محفوظ اور خطرے سے پاک ڈیجیٹل ماحول کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ یونیسیف پاکستان کا چائلڈ پروٹیکشن سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مضبوط نیٹ ورک بچوں پر مبنی آن لائن بدسلوکی کے کیسز کی پی ٹی اے کو بہتر رپورٹنگ اور بعد ازاں انٹرنیٹ سے قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کے ضمن میں ممدو معاون ثابت ہو گا ۔
یونیسیف پاکستان کے نمائندے نے اس موقع پر تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور متفقہ سرگرمیوں کو عملی جامہ پہنانے میں بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔