19 جولائی 2023ء

پی ٹی اے اور جی ایس ایم اے کی پاکستان میں موبائل صنفی تفریق کی آگاہی پر ورکشاپ

اسلام آباد (19 جولائی 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشنز (جی ایس ایم اے) نے آج پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں ''پاکستان میں موبائل جینڈر گیپ انسائٹس'' کے موضوع پر ایک مشترکہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ دوران ورکشاپ موبائل صنفی تفریق سے متعلق آگاہی اور انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹیز) کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے توجہ مرکوز کی گئی۔
ورکشاپ میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام (ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پی اے جی ای)، این جی اوز اور موبائل آپریٹروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں پی ٹی اے کی سینئر خواتین افسران نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر ٹیکنالوجی سے متعلقہ شعبوں جیسے ای کامرس، سافٹ ویئر ہاؤسز، اور فری لانسنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا انہوں نے کہا کہ خواتین کو اگر آئی سی ٹی میں خاطر خواہ مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نمایاں طور پر اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں۔ انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر جی ایس ایم اے کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اپنے خطاب کے دوران، ایڈیشنل سیکرٹری، وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام، عائشہ حمیرا چوہدری نے پاکستان میں مالیاتی بااختیاری کی جانب تیز پیش رفت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے صنفی تفریق میں مؤثر کمی کے ضمن میں مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور ملک بھر میں ٹیکنالوجی تک رسائی کی توسیع کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔
ورکشاپ میں جی ایس ایم اے کے مقررین کی جانب سے حال ہی میں جاری کردہ موبائل جینڈر گیپ رپورٹ 2023 پر معلوماتی سیشن پیش کیے گئے۔ کم فیلیو ن ڈائریکٹر مارکیٹ انگیجمنٹ، جی ایس ایم اے نے پاکستانی مردوں اور خواتین میں انٹرنیٹ کے استعمال، انٹرنیٹ کے بارے میں آگاہی اور موبائل فون سیٹ کی ملکیت جیسے صنفی تفریق شدہ ڈیٹا پر اپنی فائنڈنگز پیش کی۔ نادیہ جیفری، انسائٹس مینیجر،نے موبائل کے ذریعے پاکستان میں خواتین مائیکرو انٹرپرینیورز کو بااختیار بنانے کے بارے میں بات کی۔بعدازاں شرکاء کے ساتھ بات چیت کے ایک معلوماتی سلسلے کا بھی آغاز ہوا۔
تقریب میں شریک مہمان مقررین میں پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پی اے جی ای) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فجر رابعہ پاشا اور آمنہ بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر (امیگریشن) نے خواتین کی زندگیوں میں آئی سی ٹی کے ذریعے تبدیلی کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے تحفظ و سلامتی جیسے چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔