03 مارچ 2023ء

پی ٹی اے اور سی سی پی کے مابین باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

اسلام آباد (03 مارچ 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی)کے مابین باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون و اشتراک کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ 
معاہدے پر دستخط کی تقریب سی سی پی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ چیئرپرسن سی سی پی، راحت کونین حسن؛ ممبر فنانس پی ٹی اے محمد نوید اور دونوں اداروں کے سینئر افسران نے اس تقریب میں شرکت کی۔
پی ٹی اے اور سی سی پی کے مابین مفاہمت کے قومی سطح کی مارکیٹ پر مسابقتی تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے مواقعوں کے پیش نظر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ تعاون کے شعبوں میں اقدامات کے حوالے سے مئوثر روابط کے پیش نظر کوآرڈینیشن میکانزم کا قیام، معاشرے کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب باآسانی منتقلی ، نئی آئی سی ٹیز ٹیکنالوجیز کے فروغ، اور متعلقہ ایس ڈی جیز اہداف کے حصول کے لیے آئی سی ٹیز کا بطور شراکت کا ر محرک کے طور پر استعمال شامل ہیں۔ ان اقدامات سے حکومت پاکستان کے ''وژن 2025'' کے عین مطابق ڈیجیٹل سوسائٹی کی تعمیر میں مددملے گی ۔ 
 مفاہمت نامے میں دونوں اداروں کے لیے میسر تجربے و معلومات پر مبنی استعداد کار کے فروغ کے علاوہ ، سیشنز، مباحثے و فورمز اور متعلقہ مسائل کے علاوہ تکنیکی ترقی پر بھی تربیتی عمل شامل ہے۔
چیئرپرسن سی سی پی نے پاکستان کے معاشی بحران کے حوالے سے ریگولیٹرز کی جانب سے تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کو راغب کرنے، مسابقت کے فروغ اور صارفین کے تحفظ کے لیے موثر پالیسیوں اور فریم ورک کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے موجودہ معاشی چیلنجوں کے پیش نظر قابل عمل ماحول پیدا کرنے کے لئے جدید و غیر رسمی طرز عمل پر زور دیا۔
 اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی اے کے ممبر (فنانس) نے مزید کہا کہ دونوں ادارے پاکستان میں ڈیجیٹل منظر نامے اور معاشی ترقی کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ