06 اکتوبر 2023ء

پاکستان کو 2025 میں سیٹرک کے چھبیسویں کونسل اجلاس کی میزبانی کا اعزاز

ڈھاکہ (06 اکتوبر، 2023): جنوبی ایشیائی ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (سیٹرک - 24) کا چوبیسواں تین روزہ اجلاس ڈھاکہ، بنگلہ دیش میں اپنے اختتام کو پہنچا۔
یہ کانفرنس ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں ترقی کے پیش نظر 5G ٹیکنالوجی کی توسیع، براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی کی تقویت اور رکن ممالک کے مابین معلومات کے تبادلے اور تعاون کے فروغ کے ذریعے جامع سیٹرک ایکشن پلان فیز IX کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو پالیسی، ریگولیشن، اور سروسز (WG PRS ) پر ورکنگ گروپ کی قیادت پر مبنی کارکردگی کو سراہا گیا۔ پی ٹی اے کی کاوشوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کونسل نے پی ٹی اے کو ورکنگ گروپ پی آر ایس کی چیئر کے طور پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔دوران اجلاس سال 2025 میں سیٹرک کونسل کا چھبیسواں اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مزید برآں دوران کانفرنس سیٹرک کے ورکنگ گروپ آن پالیسی اینڈ ریگولیشنز اور ورکنگ گروپ آن سپیکٹرم برائے استعداد کار کی جانب سے اہم امور منتخب کئے گئے جن پر اگلے دو سالوں کے دوران کام کیا جائے گا۔
اجلاس میں سیٹرک کے رکن ممالک کے ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹری اداروں کے سربراہان اور نامزد اعلیٰ افسران کی فعال شرکت کا بھی اعتراف کیا گیا۔ واضح رہے کہ سیٹرک کے رکن ممالک افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، ہندوستان، اسلامی جمہوریہ ایران، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا پر مشتمل ہیں۔