25 فروری 2023ء

کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد کا پی ٹی اے کے کنزیومر پروٹیکشن ڈویژن کا دورہ

(اسلام آباد: 25 فروری، 2023): کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان (سی اے پی) کے خواتین ونگ کے نمائندہ وفد نے چیئرپرسن سیدہ رافعہ مموجی کی سربراہی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہیڈ کوارٹرزاسلام آباد کا دورہ کیا۔ پی ٹی اے کے کنزیومر پروٹیکشن ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالصمد نے وفد کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران وفد کو ٹیلی کام صارفین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پرپی ٹی اے کی کارکردگی اور سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔ پریزنٹیشن میں شکایت پر کارروائی/ہینڈلنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا اور آگاہی کے حوالے سے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع کا ذکر کیا گیا۔ 
وفد کو پی ٹی اے میں کنزیومر پروٹیکشن ڈویژن (سی پی ڈی) کی سرگرمیوں اور اقدامات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ سی پی ڈی آئی ایس او 9001: 2015 سرٹیفائیڈ ہے جو صارفین کے تحفظ کی کوششوں میں اعلیٰ معیار برقرار رکھنے کے لیے پی ٹی اے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
چیئرپرسن خواتین ونگ سی اے پی نے ٹیلی کام صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پی ٹی اے کی کاوشوں کی تعریف کی۔ دونوں اداروں کی جانب سے پاکستان کے ٹیلی کام صارفین کی بہتری کے لیے تعاون کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا۔