28 فروری 2024ء

چیئرمین پی ٹی اے کا موبائل ورلڈ کانگریس 2024 میں آن لائن تحفظ سے متعلقہ مسائل پر خطاب

اسلام آباد (27 فروری 2024): چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمان نے بارسلونا، سپین میں جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس 2024 میں ' صارفین کے آن لائن تحفظ کی اہمیت ' کے موضوع پر پینل ڈسکشن میں شرکت کی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے پی ٹی اے کے عزائم پر زور دیا۔ انہوں نے اس موقع پر پی ٹی اے کی جانب سے مختص کردہ کمیٹی کی خدمات پر روشنی ڈالی جو پاکستان میں قومی و بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر سیفٹی گائیڈز سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے بچوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل خطرات کے پیش نظر ایک کثیر جہتی نقطہ نظر کی ضرورت ہے جس میں مضبوط قانونی فریم ورک، سائبر سیکیورٹی کا فروغ، ڈیجیٹل خواندگی، آن لائن غیر قانونی مواد کا موثر ضابطہ، اور اسٹیک ہولڈرز کے مابین تعاون شامل ہیں۔
پینل ڈسکشن میں بچوں اور پسماندہ طبقوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔ سیشن میں سائبر بلنگ، غلط معلومات اور استحصال سمیت آن لائن خطرات کی وسیع نوعیت کو مد نظر رکھتے ہوئے باہمی تعاون کے ساتھ فوری حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔