29 دسمبر 2023ء

نگراں وفاقی وزیر برائے ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی کا پی ٹی اے کا دورہ

اسلام آباد (29 دسمبر 2023): نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام (آئی ٹی اینڈ ٹی) ڈاکٹر عمر سیف نے آج پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن، ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر اور ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی اور پی ٹی اے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیر کو پی ٹی اے کی سرگرمیوں، ریگولیٹری اقدامات اور ٹیلی کام سیکٹر کی مجموعی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وزیر کو بتایا گیا کہ پی ٹی اے نے ہمیشہ پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے جو ملک میں جدید ترین ٹیلی کام، براڈ بینڈ اور آئی سی ٹی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر وزیر کو ٹیلی کام شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے ریگولیٹر کی مسلسل کاوشوں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا سے جڑنے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی مسلسل ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پی ٹی اے کو اس کے ریگولیٹری اقدامات کے لیے وزارت آئی ٹی کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی میں پی ٹی اے کے کردار کی تعریف کی اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور ریگولیٹری فریم ورک کی فعالیت پربھی زور دیا۔
ڈاکٹر عمر سیف نے پی ٹی اے کے نیشنل ٹیلی کام سیکیورٹی آپریشنز سینٹر (NTSOC) کا بھی دورہ کیا۔