29 مئی 2017ء

ٹیکنالوجی کے ارتقاء اور 5G کے لائحہ عمل کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

اسلام آباد: 26مئی 2017(پ ر)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اورقالکام پاکستان کے اشتراک سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں ٹیکنالوجی کے ارتقاء اور 5G کے لائحہ عمل کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل ، ممبر (فنانس )پی ٹی اے طارق سلطان ، ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے عبدالصمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ورکشاپ میں پی ٹی اے کے اعلیٰ افسران ، فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ (ایف اے بی) اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ورکشاپ کا انعقاد حکومت پاکستان کے وژن کے پیش نظر ملک میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے ارتقاء اور 5G کے لائحہ عمل کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے کیا گیا۔خالد برغوتی نے اس تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ تربیتی سیشن میں دنیا کے مختلف ممالک میں5G میں زیر استعمال ٹیکنالوجی ، اسکے ارتقائی مراحل اور آزمائش اور ترقی جیسے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پی ٹی اے ، ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے کہا کہ پی ٹی اے نے ہمیشہ شہریوں کی بہتری کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے نئے خیالات کی حوصلہ افزائی اور جدت پر مبنی اقدامات کو سراہا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت پاکستان میں 5G کے ٹیسٹ کے لئے تمام موجودہ اور نئی کمپنیوں کو بہم سہولیات کی فراہمی کرے گا۔یہ فراہمی مفت ٹیسٹ لائسنس اور سپیکٹرم کی شکل میں ہوگی۔ 5G کے لئے ہارمونائزڈ سپیکٹرم کے ایک 3.4گیگا ہرٹز بینڈ میں ہے اس حوالے سے سب سے پہلے گھر /دفترمیں (WTTX)وائرلیس سروس کی فراہمی ہوگی۔پاکستان میں اس بینڈ میں سپیکٹرم دستیاب ہے جبکہ اس سلسلے میں آزمائشی بنیادوں پر اس کا معیار مقرر کر کے اظہار دلچسپی کا عمل2020 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشا رحمان خان نے کئی موقعوں پر کہا کہ پاکستان جلد ہی جنوبی ایشیاء میں5G ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے سب سے پہلے چندممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔

ڈاکٹر شاہ نے یہ بھی کیا کہ پی ٹی اے اور ایم او آئی ٹی سروس کے معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کے دور دراز علاقوں میں براڈ بینڈ ٹیکنالوجی کی جدید خدمات مہیاکر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ 3سال پہلے پاکستان میں موبائل براڈ بینڈ خدمات میسر نہیں تھی اور یہ تمام ہمسایہ ممالک سے پیچھے تھا۔ اس تمام تر کامیابی کے پیچھے پی ٹی اے ، ایف اے بی، وزارت آئی ٹی پاکستان کے ٹیلی کام آپریٹر اور سب سے اہم پاکستانی شہری ہیں ۔ یہ کامیابی سب کی مشترکہ کامیابی ہے۔ 5Gاوربراڈبینڈ ٹیکنالوجی کچھ ممالک میں بنیادی حقوق کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے ضروری ہے ملک کے تمام شہری انٹرنیٹ کا مثبت استعما ل سیکھنے، فنانشل انکلوژن اور انٹرپرینور شپ کے لئے کریں اور منفی سرگرمیوں میں اپنا وقت ضائع نہ کریں۔ 
 

خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ