09 اکتوبر 2015ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز پی ٹی اے میں’’گھر سے دفتری امور کی انجام دہی کی پالیسی ‘‘آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرا دی گئی

اسلام آباد 09اکتوبر 2015 (پ۔ر) پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )نے ادارے کی خواتین ملازمین کی سہولت کے لئے ’’ گھر سے دفتری امور کی انجام دہی ‘‘(ٹیلی ورکنگ) کی پالیسی متعارف کرا ئی ہے جس سے خواتین کو دفتری امور کی انجام دہی کے لئے بہتر ماحول میسر آ سکے گا ۔پہلے مرحلے میں ایسی خواتین افسران جن کے خاندان میں چھوٹے بچے ہیں، کے ایک بیچ کو ہفتے میں ایک دن گھر سے کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس آزمائشی مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعدمزید افسران ہفتے میں ایک دن گھر سے کام کرنے کی سہولت سے استفادہ کر سکیں گے ۔ 

گھر سے کام کرنے کے سیٹ اپ کو قابل عمل بنانے کے لئے آن لائن پورٹل، ای میل، اور دیگر ضروری وسائل سمیت تمام سہولیات تک رسائی اور استعمال کو ممکن بنا یا گیا ہے۔ویڈیو کانفرنسنگ کے انتظامات بھی افسران اور سپر وائزر کے درمیان سرکاری امور کی انجام دہی کے لئے رابطے کو یقینی بنانے کے لئے مہیا کئے گئے ہیں۔ 
واضح رہے کہ ’’گھر سے دفتری امور کی انجام دہی‘‘ کی پالیسی کا مقصد ادارے کے ملازمین کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس سے نہ صرف وہ بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں بلکہ انہیں کام کرنے کا ایک پرسکون ماحول بھی فراہم کیا جا سکے۔ پی ٹی اے اپنے ملازمین کو بہترین ماحول میں یکساں بنیادوں پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔ 
 

خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ