21 اپریل 2016ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز پی ٹی اے کے زیر اہتما م اسلام آباد میںآئی ایکس پی اورکشاپ کا انعقاد

پریس ریلیز


اسلام آباد:21اپریل 2016 (پ۔ر) : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کے زیر اہتمام انٹر نیٹ ایکسچینج پوائنٹ (آئی ایکس پی) ورکشاپ پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں 18سے 22 اپریل تک منعقد ہورہی ہے۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں آئی ایکس پی کے قیام کا جائزہ لینا ہے۔چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ ، ممبر( فنانس)پی ٹی اے،طارق سلطان، ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ)پی ٹی اے عبدالصمد اس موقع پر موجود تھے جبکہ ورکشاپ میں ٹیلیکام انڈسٹری کے ماہرین، ٹیلی کام کمپنیوں ، آئی ایس پیز اور ایچ ای سی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 
اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے افتتاحی خطاب میں چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے کہا کہ تھری جی / فور جی جیسی نئی ٹیکنالوجی کی آمد سے براڈ بینڈ صارفین میں بڑی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ صارفین کی تعداد 3کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ جو کل آبادی کا 17فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے نے ہمیشہ نئی ٹیکنالوجیز کی حوصلہ افزائی کی ہے اور ٹیلی کام سیکٹر کی بہتری کیلئے اقدامات کئے ہیں۔آئی ایکس پی کے قیام سے انٹر نیٹ تک رسائی، کاروباری ماحول اور لوکل کانٹینٹس کی تیاری میں بہتری آئی گی۔
اس موقع پر امریکہ اور آسٹریلیا کے انٹرنیشنل ماہرین جین کافن ڈائریکٹر(بزنس سٹریٹجیز)، آئی سوک اور فلپ سمتھ کنسلٹنٹ نیٹ ورک سٹارٹ اپ ریسورس سنٹر(این ایس آر سی ) نے آئی ایکس پی کے مختلف پہلوؤں جیسے تکنیکی پس منظر، گلوبل لینڈ سکیپ،علاقائی پس منظر، قانونی پہلو، متنازعہ امور اور لاگت کے مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ آئی ایکس پی انٹر نیٹ سروس پرووائڈرز (آئی ایس پیز) اور کانٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورکس (سی ڈی این ایس)کے درمیان ایک رابطہ ہے جس کا بنیادی مقصد براہ راست رابطہ کی فراہمی ہے۔ اس کے قیام سے نیٹ ورکس بجائے ایک سے زیادہ تھر ڈ پارٹی نیٹ ورکس کے براہ راست کنیکٹ ہو جائیں گے۔ 


خرم علی مہران
ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ