01 نومبر 2017ء

پی ٹی اے نے نئی ویب سائٹ متعارف کرا دی ہے


اسلام آباد ۔1 نومبر (2017پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خصوصی (معذور) افراد کی سہولت کے لئے نئی باضابطہ سرکاری ویب سائٹ متعارف کرا دی ہے۔ویب سائٹ کی تیاری میں معذور افراد کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ 

     پی ٹی اے کی نئی ویب سائٹ کا اوردو ورژن بھی انگریزی ورژن کو مدنظر رکھتے ہوئے اسی ترتیب اور ڈیزائن میں سادہ اردو زبان میں تیار کیا گیا ہے۔ دوبارہ ڈیزائن شدہ نئی ویب سائٹ کا مقصد اوردو زبان میں موادفراہم کرنا ہے جس کو اوردو سی سی ٹی ایل ڈی (ccTLD) کے تحت رجسٹرڈ کیا گیا ہے تاکہ عام عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے۔نئی ویب سائٹ پر ٹیلی کام سے متعلقہ اعدادو شمار کے اشاریوں کونہ صرف نئی شکل دی گئی ہے بلکہ کلیدی اشاریوں کے حوالے سے بھی عام رسائی کے لئے صارف دوست گرافیکل ترتیب متعارف کرائی گئی ہے۔پی ٹی اے پر عزم ہے کہ نئی ڈیزائن شدہ ویب سائٹ پاکستان کی عوام کو ٹیلی کام کے شعبے سے متعلقہ معلومات کی فراہمی میں ممدومعاون ثابت ہوگی۔ 

    بہترین بین الاقوامی طریقوں کے مطابق ، خصوصی افراد کے لئے ویب سائٹ میں ویب تک رسائی کا معیار متعارف کرایا گیا ہے تاکہ خصوصی افراد بغیر کسی مشکل کے ویب سائٹ کا استعمال کر سکیں۔ نئی ویب سائٹ کے آغاز کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ خصوصی افراد کو مواد کے حصول تک آسان رسائی فراہم کی جا سکے اس حوالے سے پی ڈبلیو ڈیز سے بھی آراء طلب کی گئیں ۔ اس ویب سائٹ پر متن کو نئے سائز میں لانا، متن بولنے اور الفاظ کو بڑا کرنے اور رنگوں کے امتزاج کی سہولت بھی ہے۔ 

    نئی ڈیزائن شدہ ویب سائٹ صارفین کو ٹیکنالوجی کاحصہ بننے اور رسائی کے فروغ کے لئے معاشرے میں معذور افراد کی مکمل اور مسابقتی شراکت کا احساس کرنے میں مدد دے گی جس کی مدد سے خصوصی افراد زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا کر معاشرہ کے بہتر اور مفید رکن بن سکیں گے۔ اس پر پی ٹی اے کی متعدد آن لائن خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ خصوصی ٹیلنٹ ایکسچینج پروگرام (ایس ٹی ای پی) اور ویب تک رسائی کے ماہرین نے ویب تک رسائی کے معیار کی تصدیق کے لئے پی ٹی اے کوفوری معاونت فراہم کی ہے۔ 

     واضح رہے کہ پی ٹی اے اس حوالے سے پر عزم ہے کہ معلومات کی الیکٹرانک رسائی معذور افراد کی کارکردگی میں مزید اضافہ کرے گی جس سے ملکی معاشی سرگرمیوں میں مزید بہتری آئے گی۔ پی ٹی اے مفاد عامہ میں آزادی اظہار رائے اور معلومات تک رسائی پر یقین رکھتا ہے۔ پی ٹی اے کا مقصد رابطوں سے محروم افراد کو رابطے فراہم کرنا ہے اور ملک کے اندر اور باہر افراد کو معلومات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔