19 دسمبر 2022ء

پی ٹی اے کے زیر اہتمام کوئٹہ میں صنفی شمولیت کی حکمت عملی پر مشاورتی ورکشاپ

اسلام آباد (19 دسمبر 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یونیسکو پاکستان کے تعاون سے ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی کی ترقی و ترویج کے حوالے سے تیسری مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ یہ ورکشاپ کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔
پی ٹی اے زونل آفس کوئٹہ میں ہونے والی یہ ورکشاپ پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کی حکمت عملی کے تناظر میں ملٹی اسٹیک ہولڈر ماہرین کی سفارشات کو یکجا کرنے کے لیے منعقد ہونے والی پانچ مشاورتی ورکشاپوں کے سلسلے میں تیسری ورکشاپ تھی۔ 
 ورکشاپ کی نظامت یونیسکو کی کنسلٹنٹ صدف خان نے کی۔ ورکشاپ میں مختلف اسٹیک ہولڈر گروپس کے ماہرین جن میں حکومتی تنظیمیں جیسے اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پی ٹی وی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشن ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے)، این آئی سی کوئٹہ، ٹیلی کام آپریٹر وں، تعلیمی اداروں، خواتین انٹر پرونیورز، ٹیک سٹارٹ اپس اورغیر سرکاری تنظیموں ڈبلیو ایچ او اور مرسی کورپس، پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشیٹیو (پی پی ایچ آئی) اور ہیلتھ ایجوکیشن اینڈ انوائرمینٹل پروگرام بلوچستان (ایچ ای ای پی) وغیرہ کے نمائندوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ 
ڈائریکٹر وائرلیس اور صنفی شمولیت برائے آئی سی ٹی میں پی ٹی اے کے اقدام کی سربراہ نے شرکاء کو بتایا کہ پی ٹی اے خواتین سمیت پاکستان کے تمام شہریوں کو بہتر معیار کی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے کی صنفی شمولیت کی حکمت عملی یونیسکو پاکستان کے تعاون سے تیار کی جارہی ہے۔ جس کا مقصد ان پالیسیوں میں مخصوص ترامیم اور اضافے کی سفارش کرنا ہے جو بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے 2030 کے اہداف کے مطابق انٹرنیٹ، موبائل فونز اور ڈیجیٹل ہنر کا استعمال کرتے ہوئے صنفی مساوات کے حصول میں ممدو معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس حکمت عملی سے پی ٹی اے کو دیگر سرکاری اور نجی شعبے کے اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے خواتین کے موبائل فونز اور آئی سی ٹی کے استعمال میں حائل مختلف رکاوٹوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اس سلسلے کی اگلی ورکشاپ 22 دسمبر 2022 کو کراچی میں ہو گی۔