30 نومبر 2022ء

پی ٹی اے کے زیر اہتمام پشاور میں صنفی شمولیت کی حکمت عملی پر مشاورتی ورکشاپ

اسلام آباد (30نومبر ) 2022: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے یونیسکو پاکستان کے تعاون سے پشاور میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت کی حکمت عملی کی تیاری کے حوالے سے ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
پی ٹی اے زونل آفس پشاور میں ہونے والی یہ ورکشاپ پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کی حکمت عملی کے لیے ملٹی اسٹیک ہولڈر ماہرین کی آراء جاننے کے لیے کی جانے والی پانچ مشاورتی ورکشاپوں کے سلسلے کی پہلی ورکشاپ تھی۔ ورکشاپ میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن (ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی)، خیبر پختونخواہ آئی ٹی بورڈ، گلوبل سسٹم فار موبائل کمیونیکیشن ایسوسی ایشن (جی ایس ایم اے)، ٹیلی کام آپریٹرز، تعلیمی اداروں، اور ڈیجیٹل صنفی حقوق کے گروپس سمیت مختلف اسٹیک ہولڈر زو ماہرین نے شرکت کی۔
 ڈائریکٹر وائرلیس اور صنفی شمولیت برائے آئی سی ٹی میں پی ٹی اے کے اقدام کی سربراہ نے شرکاء کو بتایا کہ اس موضوع پر ماہرین اور مقامی طبقوں کی توجہ مبذول کرانے کے لیے ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ صنفی شمولیت کی حکمت عملی لوگوں کی ضروریات کے عین مطابق ہو اور اسے پہلے سے موجود نظاموں میں مئوثر طریقے سے ضم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حکمت عملی کے تحت پی ٹی اے کی جانب سے پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جا سکیں گے۔ 
واضح رہے کہ صنفی شمولیت کی حکمت عملی یونیسکو پاکستان کے تعاون سے تیار کی جا رہی ہے۔جس کا مقصد ایسے خصوصی منصوبے تجویز کرنا ہے جن کے تحت خواتین کے لئے ٹیلی مواصلاتی رابطوں کو فروغ دینے کے حوالے سے پی ٹی اے دیگر اداروں کی معاونت سے اقدامات کر سکے۔ اس سلسلے کی اگلی ورکشاپس کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں منعقد کی جائیں گی۔
 
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ