19 فروری 2020ء

غیر قانونی ٹیلی فون ٹریفک کی روک تھام کے لئے آئی پی وائیٹ لسٹنگ اہم ہے: پی ٹی اے

(اسلام آباد: 19 فروری، 2020): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے غیر قانونی ٹیلیفون ٹریفک کے خلاف باقاعدگی سے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں جن میں غیر قانونی ٹیلی کام سیٹ اپ پر چھاپے اور قانونی وائس ٹریفک کے لئے استعمال ہونے والے انٹرنیٹ پروٹوکول (آئی پی ) کی وائیٹ لسٹنگ کاعمل شامل ہے ۔ 
قانونی وائس کمیونیکیشن کو یقینی بنانے کے لئے، پی ٹی اے نے آئی پی وائٹ لسٹنگ ریگولیشنز (سابقہ آئی پی وائٹ لسٹنگ ایس او پی) کا اجراء کیا ہے۔پی ٹی اے کے لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) لائسنس یافتگان اور پاکستان سافٹ وےئر ایکسپورڈ بورڈ (پی ایس ای بی) کے رجسٹرڈ کال سنٹرز کے زیر استعمال آئی پی ایڈریسزبلا تعطل وائس سروسز کو یقینی بنانے کے لئے وائیٹ لسٹڈ کئے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں، پی ٹی اے ایل ڈی آئی لائسنس یافتگان کے علاوہ، 600 سے زیادہ پی ایس ای بی کے رجسٹرڈ کال سنٹروں نے اب تک پی ٹی اے کے ذریعے اپنے آئی پی ایڈریسز وائیٹ لسٹڈ کئے ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے اپنے لائسنس یافتگان کو اس حوالے سے بارہا مطلع کیا جا چکا ہے کہ وہ اور ان کے صارفین کمرشل وائس سروسز کے لئے صرف وائیٹ لسٹڈ آئی پی کے استعمال کو یقینی بنائیں ۔ وائیٹ لسٹڈ نہ ہونے والے آئی پی ایڈریسز کمرشل وائس سروسز کی فراہمی کے دوران معیار میں کمی کا سامنا کرتے ہیں۔ سروسز میں رکاوٹ کے علاوہ، پی ٹی اے کے پاس قانونی دفعات کے پیش نظر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مزید ضروری کارروائی کرنے کا حق بھی محفوظ ہے۔
واضح رہے کہ قانونی طور پر وائس سروسز کا استعمال کرنے والے صارفین کے لئے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ وہ صرف وائٹ لسٹڈ آئی پی استعمال کریں۔ وائٹ لسٹنگ کے طریقہ کار کے مطابق، پی ٹی اے کے ساتھ وائیٹ لسٹنگ کے عمل کے لئے وہ اپنے انٹرنیٹ سروس فراہم کنندہ سے رجوع کریں۔
علاوہ ازیں، پی ٹی اے کی جانب سے مستقل بنیادوں پر غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات جاری ہیں جن میں غیر قانونی گرے ایکسچینجز پر چھاپے بھی شامل ہیں۔ 
 
 
 
خرم مہران
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ