19 اکتوبر 2020ء

پی ٹی اے نے مشروط طور پر ٹِک ٹاک سروس بحال کر دیں

اسلام آباد (19 اکتوبر، 2020) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے چند شرائط کے ساتھ ٹِک ٹاک سروسز بحال کردی گئی ہیں۔ پلیٹ فارم پر نا شائستہ ، غیر اخلاقی / نا مناسب مواد کی موجودگی اور معاشرے پر اس کے منفی اثرات کے پیش نظر، پی ٹی اے کی جانب سے غیر قانونی مواد کو پھیلانے سے روکنے کے لئے ٹِک ٹاک پر مسلسل زور دیا جا تا رہا ہے۔ تاہم، ٹِک ٹاک غیر قانونی مواد کو بلاک کرنے اور اسے ہٹانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کے حوالے سے اتھارٹی کو مطمئن نہیں کرسکا تھا۔ لہذا مواد کی مانیٹرنگ کے لئے تسلی بخش حکمت عملی کے نفاذ تک ٹِک ٹاک ایپلیکیشن کو بند کر دیا گیا۔
پابندی کے نفاذ سے پہلے اور اس کے بعد پلیٹ فارم کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کے نتیجے میں، ٹک ٹاک کی جانب سے معاشرتی اقدار اور پاکستان کے قوانین کے مطابق مواد کو اعتدال پر رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی کہ وہ صارفین جو غیر قانونی مواد اپ لوڈ کرنے میں مستقل طور پر ملوث ہیں ان کو پلیٹ فارم کی طرف سے بلاک کر دیا جائے گا۔ 
پی ٹی اے نے انٹرنیٹ پر استعمال کنندگان کے لئے صحت مندانہ ڈیجیٹل تجربے اور ڈیجیٹل کمپنیوں کی ترقی کے پیش نظر یہ پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، ٹک ٹاک کی بحالی سختی سے اس بات سے مشروط ہے کہ پلیٹ فارم کو نا شائستہ ، غیر اخلاقی / نا مناسب مواد پھیلانے کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا اور معاشرتی اقدار کو مجرو ح نہیں کیا جائے گا ۔ اگر مذکورہ شرائط پر عمل در آمد نہ ہوا تو پی ٹی اے ایپلیکیشن پر مکمل طور پر پابندی عائد کر سکتا ہے ۔
 
 
خرم مہران 
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ