19 مئی 2022ء

پی ٹی اے اور این ایچ ایم پی کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

اسلام آباد (19 مئی 2022): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) نے آج پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں باہمی مفاہمت کی ایک مشترکہ یادداشت پر دستخط کیے۔دونوں اداروں کے مابین باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور اشتراک سے پاکستان کے تمام موٹرویز پر تیز رفتار رابطوں اور معیاری ڈیجیٹل خدمات کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ 
تعاون کے شعبوں میں بہتر کارکردگی کے لئے روابط کا طریقہ کار وضع کرنا ، موٹر ویز پر آواز، ڈیٹا کنیکٹیویٹی اور کوریج کی توسیع ، مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور ٹیلی کام کے شعبے میں تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے معلومات کے تبادلے کو یقینی بنانا شامل ہے۔ اس کے تحت دونوں اداروں کے لیے دستیاب معلومات اور تجربے کے پیش نظر استعداد صلاحیت کی تعمیرنیز متعلقہ مسائل اور تکنیکی ترقی جیسے موضوعات کے حوالے سے اجلاس/ مباحثوں کے فورمز/ تربیتی امور کا انعقاد بھی شامل ہے۔
تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے، انسپکٹر جنرل این ایچ ایم پی؛ ممبر کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ (سی اینڈ ای) اور پی ٹی اے اور این ایچ ایم پی کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ نے کہا کہ پی ٹی اے کی جانب سے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں کہ پاکستانیوں کو اعلیٰ معیار کی خدمات تک رسائی ہوتاکہ وہ ہر جگہ کوریج سے مستفید ہوسکیں ۔ این ایچ ایم پی کے ساتھ تعاون موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر رابطوں کو بہتر طور پر فعال کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
آئی جی این ایچ ایم پی، خالد محمود نے اس موقع پر کہا کہ بہتر اور تیز تر کنیکٹیویٹی اور جدید تکنیکی سلوشنز ہائی ویز اور موٹر وے کے ساتھ ساتھ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے بھی اہمیت رکھتی ہے ۔
 
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ