18  اگست 2022ء

پی ٹی اے اور اے 4 اے آئی کے زیر اہتمام ورکشاپ میں آئی سی ٹیز میں صنفی شمولیت کی اہمیت اجاگر

اسلام آباد (18 اگست، 2022):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے الائنس فار افورڈ ایبل انٹرنیٹ (اے 4 اے آئی) کے تعاون سے ڈیجیٹل صنفی حساسیت پر ورکشاپ ہوئی ۔ تقریب میں آئی سی ٹیز میں صنفی شمولیت اور پاکستان میں خواتین کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے میں سہولیات کی فراہمی کو اجاگر کیا گیا۔
ایڈیشنل سیکرٹری (انچارج) آئی ٹی اینڈ ٹی محسن مشتاق اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل(ریٹائرڈ ) عامر عظیم باجوہ ؛ ممبرکمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ پی ٹی اے ،ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر، فریکوئنسی ایلوکیشن بورڈ (ایف اے بی) کے سینئر افسران،یو ایس ایف اگنائٹ،جاز کے سی ای اوز ، موبائل آپریٹروں کے نمائندے ، بین الاقوامی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے ڈیجیٹل صنفی رابطوں کے حوالے سے پی ٹی اے کے فعال اور جامع نقطہ نظر کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور ایم او آئی ٹی اینڈ ٹی پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تفریق میں بہتری لانے کے لئے عالمی اور علاقائی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ 
تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی اے پاکستان میں آئی سی ٹی میں ڈیجیٹل صنفی شمولیت کو بہتر بنانے اور سب تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ڈیجیٹل حکمت عملی کے حوالے سے یہ ایسی کاوش ہے جس سے پاکستان میں صنفی مرکزی دھارے میں کلیدی اسٹیک ہولڈرز بھی شامل ہوں گے۔
تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ’ویمن لیڈنگ دی ٹیک“ کے موضوع پر چیئرپرسن کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان، راحت کو نین حسن کی زیر صدارت سیشن ہوا جس میں نامور پاکستانی خواتین لیڈرز نے بطور پینلسٹ حصہ لیا۔ پینلسٹس میں ، بانی وسی ای او، کیٹیلسٹ لیبز، جہاں آرا، کنٹری ہیڈ ،کوڈ فار پاکستان، ثمینہ رضوان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، پاکستان الائنس فار گرلز ایجوکیشن (پیج)، فجر رابعہ پاشا اور سی ای او نیشنل فورم آف ویمن ود ڈس ایبلٹیز ان پاکستان (این ایف ڈبلیو ڈبلیو ڈی)، آبیہ اکرم شامل تھیں ۔ پینلسٹس نے اس موقع پر خواتین کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی پر زور دیا تاکہ خواتین بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی نظام کی ترقی میں مزید اضافے کا باعث بن سکیں۔
یونیسکو کے کنسلٹنٹ نے ڈیجیٹل شمولیت کے حوالے سے مضبوط حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا۔ ورکشاپ کے دوران، ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمے کے مقاصد کے پیش نظر جامع پالیسی اصلاحات اور کثیر شعبہ جاتی تعاون پر زور دیا گیا۔