04 فروری 2020ء

پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اینڈ اکانومی سمٹ موبائل ورلڈ کانگریس 2020، بارسلونا میں ہوگی

اسلام آباد(4 فروری2020 )پاکستان میں ڈیجیٹل اقتصادی ترقی کی ضرورت و اہمیت کاجائزہ لینے اوراس پر بات چیت کیلئے گلوبل سسٹمزآف موبائل ایسوسی ایشن )جی ایس ایم اے) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اوروزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کام(ایم او آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام) کے تعاون سے 25 فروری2020 کو”ایم ڈبلیو سی 2020“سپین میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کررہاہے۔
اس حوالے سے جولین گورمین،سربراہ جی ایس ایم اے ،اے پی اے سی نے پی ٹی اے ہیڈکوارٹرزمیں چیئرمین پی ٹی اے ، میجرجنرل(ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ کو ایک ملاقات کے دوران آگاہ کیا گیا ۔
سمٹ کا انعقاد پاکستان کے ڈیجیٹل شعبے میں جی ایس ایم اے کی جاری سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر ہے۔ ایم ڈبلیو سی بارسلونا 2020 میں ہونے والے اجلاس میں عالمی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان ٹیلی کام سیکٹر کی کامیابیوں کو نہ صرف اجاگر کیا جائے گا بلکہ اس میں پاکستان کے حوالے سے جی ایس ایم اے کے تعاون کی باقاعدگی شامل ہے۔ اس سمٹ میں آئی سی ٹی سے متعلقہ نئی مصنوعات اور خدمات کی ممکنہ استعداد کو اجاگر کیا جائے گا اور پاکستان میں ڈیجیٹل تبدیلی کو قابل بنانے کے لئے حکومت اور نجی شعبے کے اعلی سطح کے وعدوں کو بھی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ مزید یہ کہ اس موقع پر جی ایس ایم اے کی جانب سے مستقبل کی ٹیکنالوجیز کے حوالے سے پاکستان کی تیاریوں اور بہتر خدمات کی فراہمی کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے استعمال کی ماہرانہ تجاویز پر مشتمل ایک خصوصی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔ 
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے پاکستان میں ٹیلی کام کے شعبے کی کامیابیوں ، آئی سی ٹی سیکٹر کی ترقی کے لئے حکومت اور پی ٹی اے کے حالیہ اقدامات پر روشنی ڈالی۔ پی ٹی اے اور جی ایس ایم اے نے سرمایہ کاری لانے، جدید ترین ٹیکنالوجیز کو متعارف کرانے اور ڈیٹا ہم آہنگی کے حوالے سے دوطرفہ تعلقات کو مزیدمستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔