03 فروری 2015ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز ٹیلی کام ٹاورز انسانی صحت کے لئے مضر نہیں: سروے

اسلام آباد 3فروری2015 (پ۔ر) : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) نے فریکوئینسی ایلوکیشن بورڈ (ایف اے بی) کے تعاون سے موبائل کمپنیوں کی طرف سے نصب کردہ ٹاورز(بی ٹی ایس) کے ٹرانسمیٹرز اور رسیورز کے پاور لیول کو چیک کرنے کیلئے ملک کے بڑے شہروں بشمول آزاد جموں و کشمیر میں حال ہی میں تفصیلی سروے کیا ۔ یہ سروے خصوصی آلات کے ذریعے ملک بھر کے سات شہروں میں کیا گیاجن میں کراچی ، لاہور، مظفر آباد ، پشاور ، کوئٹہ ، راولپنڈی اور اسلام آباد شامل ہیں۔سروے کے نتائج کے مطابق تمام ٹاورز کاپاور لیول متعین کردہ حد سے بہت کم تھااور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی پالیسی ،ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) اور انٹرنیشنل کمیشن برائے نان آئنائزینگ ریڈی ایشن پروٹیکشن (آئی سی این آئی آر پی) کے معیارات کے عین مطابق تھا۔
2009سے اب تک پی ٹی اے چار ملک گیر سروے منعقد کر چکا ہے۔جن کے نتائج کے مطابق ٹیلی کام ٹاورز کے مضر صحت ہونے کا تاثر غلط ثابت ہو تاہے ۔ یہ ٹاورز ریگولیٹر اور متعلقہ بین الاقوامی اداروں کے متعین کردہ پیمانوں کیمطابق نصب کئے گئے اور کام کر رہے ہیں ۔ 
واضح رہے کہ یہ سروے چئیرمین پی ٹی اے ڈاکٹر محمد اسماعیل شاہ کی ہدایات پر کیا گیا ۔ پی ٹی اے ا س حوالے سے مکمل طور پرآگاہ ہے اور متعین شدہ معیارات کی یقین دہانی کے لئے ٹاورزکی نگرانی کر رہا ہے اور آئندہ بھی عوام کو اس حوالے سے آگاہ رکھا جائے گا ۔
 

خرم مہران
ڈائریکٹر تعلقاتِ عامہ