22 جولائی 2016ء

پی ٹی اے کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام اختتام پذیر



اسلام آباد 22جولائی 2016 (پ۔ر)پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو)کے زیر اہتمام تین روزہ تربیتی پروگرام اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گیا۔ قومی و بین الاقوامی مقررین کے ہمراہ مختلف سیشنز پر مشتمل یہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام 20 تا 22 جولائی، 2016 تک جاری رہا ۔
ان سیشنز میں رکن ممالک کو آئی سی ٹی کے شعبے میں درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلقہ طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ اس ٹریننگ سیشن میں ایشیا پیسفک خطے کے رکن ممالک بشمول بھوٹان، بنگلہ دیش، چائنا، کمبوڈیا، انڈیا، انڈونیشیاء، نیپال، مالدیپ، فلپائن، پاپانیوگنی، سری لنکا، سمووا، سالومن جزیرہ، مشرقی تیمور، اور ویتنام سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔ 
تین روزہ تربیت کے دوران پی ٹی اے کے ڈاےئریکٹر جنرلز اور ٹیلی کام کمپنیوں کے سینئر افسران نے مختلف موضوعات پر تربیتی سیشن منعقد کئے جس میں سم یوزر ڈیٹا کی بائیو میٹرک تصدیق، پاکستان میں سپیکٹرم مینجمنٹ اور نیلامی، ٹیلی کام مارکیٹ میں کمپیٹیشن ایشوز، آن لائن چائلڈ پروٹیکشن، براڈ بینڈ فار نیٹ ورک سوسائٹی ،ڈیجیٹل فنانشل انکلوژن اینڈ موبائل، سائبر سکیورٹی، کنزیومر پروٹیکشن اینڈ کوالٹی آف سروس، او ٹی ٹی پلےئرز، چیلنجز، مواقع، ریگولیٹری ایمپیکٹ اسیسمنٹ، سپیکٹرم مینجمنٹ، معذور افراد کے لئے آئی سی ٹی پروگرامز اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے موضوعات پر پریزینٹیشن دی گئیں۔
ٹریننگ کے دوران سفارشات مرتب کی گئیں توقع ہے کہ اس سے ایشیا پیسفک خطے کی ٹیلی کمیونیکیشن /آئی سی ٹی ریگولیٹری مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ 
مسٹرسمیر شرما سینٹر ایڈوائزر آئی ٹی یو ریجنل آفس فار ایشیا پیسفک نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کانفرنسز کا انعقادبین الاقوامی تجربے کو مد نظر رکھتے ہوئے آئی سی ٹی کے شعبے کو حالیہ درپیش مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان تقریبات کے ذریعے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ہونے والی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ۔ انہوں نے حکومت پاکستان کا آئی ٹی یو کی شراکت میں بھرپور معاونت پر شکریہ ادا کیا ۔ جبکہ انہوں نے بہترین انتظامات پر پی ٹی اے کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 
اس موقع پر پی ٹی اے کے چیئرمین ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے کہا کہ یہ کانفرنس خطے میں پالیسی اور ریگولیٹری سے متعلقہ مسائل کو اجاگر کرنے کے حوالے سے مددگار ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی اے مثبت نتائج کے لئے مستقبل میں بھی ایسے پروگرام ترتیب دے گا۔نیپال، چائنا، انڈیا اور پاپا نیو گنی سمیت مختلف ممالک کے شرکاء نے میزبان ملک کی مہمان نوازی کو سراہا۔ 
 

خرم مہران

ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ