26 جنوری 2017ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز لاہور میں گیارہ گیٹ ویز پر مشتمل ایک غیر قانونی وی او آئی پی ایکسچینج پکڑا گیا

پریس ریلیز

اسلام آباد26 جنوری2017 (پ۔ر)پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کے خلاف جاری مہم کے دوران گیارہ گیٹ ویز پر مشتمل ایک غیر قانونی وی او آئی پی (وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول )ایکسچینج پکڑ لیا۔ پی ٹی اے اور فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کے دوران ہاؤس نمبر 147 گلشن پارک بالمقابل منصورہ ملتان روڈ لاہور میں چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں ٹیلی کام ٹریفک میں ملوث ایک غیر قانونی وی او آئی پی ایکسچینج قبضے میں لے لیا گیا۔ چھاپے کے دوران گیارہ گیٹ ویز پر مشتمل ایک غیر قانونی وی او آئی پی ایکسچینج، بمع دیگر آلات ، سوئچز، سمز، لیپ ٹاپس، اورتھری جی فور جی ڈیوائسز قبضے میں لے لئے گئے۔ وقوعہ سے چار افرد کو گرفتار کرلیا گیا جو کہ مزید تحقیقات کے لئے ایف آئی اے کی تحویل میں ہے۔ 
گرے ٹریفک کے خلاف کامیاب چھاپے پی ٹی اے کی مسلسل مانیٹرنگ، عزم اور انتھک کوششوں سے ممکن ہوسکے ہیں تاکہ غیر قانونی ٹیلی کام کے کاروبار کی لعنت کو ختم کیا جاسکے اور قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جاسکے۔
 

خرم مہران 
ڈاےئریکٹر تعلقات عامہ