12 نومبر 2015ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز پنڈی بھٹیاں اورحافظ آبادمیں غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینجز پکڑے گئے

اسلام آباد 12 نومبر (پ۔ر)پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی ٹیلی کام ٹریفک کے خلاف جاری مہم کے دوران پنڈی بھٹیاں اور حافظ آباد میں غیر قانونی گیٹ و یز پکڑلئے۔ 

تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے اور فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کے دوران محلہ قتل گڑھ نزد مدینہ مسجد پنڈی بھٹیاں پرچھاپہ مارا جس کے نتیجے میں ٹیلی کام ٹریفک میں ملوث غیر قانونی گیٹ وے قبضے میں لے لیا گیا۔ چھاپے کے دوران دو گیٹ و یز، 48 پورٹس اس کے علاوہ دیگر آلات پر مشتمل غیر قانونی ا یکسچینج قبضے میں لے لی گئی۔ وقوعہ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیاہے جو کہ تفتیش کے لئے ایف آئی اے کی تحویل میں ہے۔
گرے ٹریفک کے خلاف ایک اور چھاپے میں پی ٹی اے اور فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے مشترکہ کارروائی کے دوران مدینہ کالونی حافظ آباد میں ایک چھاپہ مارا جس کے نتیجے میں ٹیلی کام ٹریفک میں ملوث غیر قانونی ایکسچنج قبضے میں لے لیا گیا۔ چھاپے کے دوران دو گیٹ و یز، 64 پورٹس اس کے علاوہ دیگر آلات پر مشتمل غیر قانونی ا یکسچینج قبضے میں لے لی گئی۔ وقوعہ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیاہے جو کہ تفتیش کے لئے ایف آئی اے کی تحویل میں ہے۔
علاوہ ازیں پی ٹی اے نے پی ٹی سی ایل کی نشاندہی پر ، مقامی پولیس کی موجودگی میں حافظ آباد ہی میں شیر گڑھ کے مقام پر چھاپہ مارا لیکن مقامی افراد کی شدید مزاحمت کے باعث یہ کارر وائی مکمل نہ ہوسکی۔ تاہم پولیس نے مقامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
گرے ٹریفک کے خلاف کامیاب چھاپے پی ٹی اے کی مسلسل مانیٹرنگ، عزم اور انتھک کوششوں سے ممکن ہوسکے ہیں تاکہ غیر قانونی ٹیلی کام کے کاروبار کی لعنت کو ختم کیا جاسکے اور قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جاسکے۔


خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ