04 مارچ 2022ء

چیئرمین پی ٹی اے کی ڈائریکٹر آئی ٹی یو، چیئرمین ایم سی ایم سی سے ملاقات؛ اے فور اے آئی کے ساتھ معاہدے پر دستخط

اسلام آباد (04 مارچ 2022): چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ نے بارسلونا میں جی ایس ایم اے موبائل ورلڈ کانگریس2022 کے دوران آئی ٹی یو ٹیلی کمیونیکیشن ڈویلپمنٹ بیورو (بی ڈی ٹی) کے ڈائریکٹر اور ملائیشین کمیونیکیشن اینڈ ملٹی میڈیا کمیشن (ایم سی ایم سی) کے چیئرمین سے ملاقات کی۔ چیئرمین نے پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تفریق کے خاتمے کے لیے الائنس فار افورڈ ایبل انٹرنیٹ (اے فور اے آئی)، ورلڈ وائیڈ ویب فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون کے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے۔
چیئرمین نے آئی ٹی یو کی ڈائریکٹر، مسز ڈورین بوگڈان مارٹن اور چیئرمین (ایم سی ایم سی) کو قومی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کے تحت آئی سی ٹی کے شعبے میں خواتین کی ڈیجیٹل شمولیت کے حوالے سے پی ٹی اے کی کا وشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے چیئرمین (ایم سی ایم سی) ڈاکٹر فضل اللہ سوہیمی عبدالملک کے ساتھ بات چیت کی ۔ دونوں فر یقین نے اپنے اپنے ممالک میں اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی ) پلیٹ فارم کی ریگولیشن سے متعلقہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں، چیئرمین پی ٹی اے اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے فور اے آئی سونیا جارج نے تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ تعاون کے اس معاہدے کے تحت پی ٹی اے اے فور اے آئی کی پالیسی اور بہترین ریگولیٹری تجربات و وسائل کے ذریعے پاکستان میں ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کرے گا۔ پی ٹی اے اور اے فور اے آئی پاکستان میں آئی سی ٹیز میں خواتین کی شمولیت کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے اور پاکستان میں ڈیجیٹل صنفی تقسیم سے نمٹنے کے لیے کلیدی اسٹیک ہولڈرز کے لئے پاکستان میں صنفی رد عمل پر ورکشاپس کا ایک سلسلہ منعقد کریں گے۔
تعاون کے اس معاہدے کے ذریعے پاکستان میں خواتین کو ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل کا لازمی حصہ بنانے کے لیے پی ٹی اے کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ