17 نومبر 2022ء

چیئرمین پی ٹی اے کا تہران میں سیٹرک کی سلور جوبلی تقریبات سے خطاب

اسلام آباد: (17 نومبر 2022) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میجر جنرل (ریٹائرڈ) عامر عظیم باجوہ نے کہا کہ ساؤتھ ایشین ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کونسل (سیٹرک) ذیلی علاقائی ڈیجیٹل معاونت اور باہمی تعاون کے ضمن میں ایک مثالی پلیٹ فارم ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ سیٹرک کے 25ویں یو م تا سیس کے موقع پر شرکت کے دوران کہی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے نے ممبران اور اے پی ٹی قیادت کو گزشتہ ڈھائی دہائیوں میں کونسل کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی ۔ اس فورم کی بدولت گزشتہ 25 سالوں کے دوران 9 جنوبی ایشیائی ممالک کو ایک منظم اور موثر انداز میں مشترکہ معلومات اور ریگولیٹری تجربے کی فراہمی عمل میں آئی ۔ چیئرمین نے کونسل کے امور میں پی ٹی اے کی جانب سے خطے کے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مزید تعاون کے فروغ پر زور دیا ۔
یہ سالانہ اجلاس ایشیا پیسیفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی) اور اسلامی جمہوریہ ایران کی کمیونیکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (سی آر اے) کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان، بنگلہ دیش، بھوٹان، بھارت، ایران، مالدیپ، نیپال، پاکستان اور سری لنکا کے ریگولیٹرز کے سربراہان کے ساتھ ساتھ مندوبین اور صنعت کے ایگزیکٹوز نے بھی شرکت کی۔
چیئرمین پی ٹی اے نے ''یونیورسل اوربا مقصد کننیکٹیویٹی'' کے موضوع پر ریگولیٹرز راؤنڈ ٹیبل سیشن میں بطور پینلسٹ شرکت کی۔ جس میں پاکستان کے ڈیجیٹل پروفائل میں ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے اور پاکستانی عوام کو بغیر کسی رکاوٹ کے رابطوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے مستقبل کے منصوبوں کا اشتراک کیا گیا۔
واضح رہے کہ سیٹرک اے پی ٹی کے زیر انتظام ٹیلی کمیونیکیشن ریگولیٹرز کا ایک ذیلی علاقائی تعاون فورم ہے۔ یہ وسیع ترعملی منصوبوں کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیتے ہوئے ٹیلی کام/آئی سی ٹی سے متعلقہ باہمی متفقہ مسائل پر بات چیت اور ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ پی ٹی اے فورم کے بانی اراکین میں سے ہے اور سیٹرک ورکنگ گروپ برائے پالیسی، ریگولیشن اور سروسز کی موجودہ چیئرمین شپ بھی اس کے پاس ہے۔