21  اگست 2015ء

فیصل آباد میں دو غیر قانونی گیٹ ویز پر چھاپہ

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گرے ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنی جاری کوششوں کے دوران فیصل آباد میں  دو غیرقانونی گیٹ ویز کا سراغ لگایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ٹیم کے ہمراہ فیصل آباد میں دو مختلف علاقوں عبداللہ کالونی سمندری روڈ اور وارث پورا میں واقع گرے آپریٹرز کے خلاف کامیابی سے چھاپے مارے گئے۔ اس دوران متعدد پورٹس کے حامل تین گیٹ ویز کو سوئچز، سی پی یو، لیپ ٹاپ، ایوو ڈیوائس اور بائیومیٹرک ڈیوائس کے ہمراہ ضبط کر لیا گیا۔ اس کے علاوہ چار افراد کو گرفتار بھی گیا جنہیں مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے نے اپنی حراست میں لے لیا۔

 گرے آپریٹرز کے خلاف کامیاب چھاپے پی ٹی اے کی جانب سے گرے ٹریفک کے خطرے کوکم کرنے کے سلسلے میں کی جانے والی نگرانی، عزم اور مسلسل کوششوں کی بدولت ممکن ہوئے اور اس طرح ملک میں موجود گرے ٹریفک آپریٹرز کی وجہ سے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان میں تخفیف عمل میں آئی۔