02  اگست 2022ء

ٹیرف میں اضافہ

اسلام آباد (02 اگست، 2022): میڈیا کے ایک حصے میں شائع ہونے والی اس خبر کے حوالے سے کہ ریگولیٹر موبائل آپریٹروں کے ٹیرف میں اضافے کی اجازت نہیں دے رہا ہے کی وضاحت کی جاتی ہے کہ یہ بات غلط اور گمراہ کن ہے۔پی ٹی اے صرف پاکستان میں بڑے موبائل فون آپریٹر یعنی پی ایم سی ایل (جاز) کے ٹیرف کو ریگولیٹ کرتا ہے جو کہ سگنی فکنٹ مارکیٹ پلیئر (ایس ایم پی) کی ڈٹر منیشن اورجاز- وارد کے انضمام کی شرائط کے عین مطابق ہے جس کا مقصد مارکیٹ لیڈر کی جانب سے کسی بھی غیر مسابقتی عمل کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ جبکہ دیگر موبائل فون آپریٹر (سی ایم اوز) اپنے تجارتی تقاضوں کے پیش نظر ٹیرف مقرر کرنے کے لیے آزاد ہیں، اور پی ٹی اے ان کے ٹیرف کی تبدیلیوں میں مداخلت نہیں کرتا۔
ماہ جون 2022 کے دوران پی ٹی اے نے کمپنی کے بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے، جاز کی جانب سے پیش کردہ تمام 25 ٹیرف تجاویز کی منظوری دے دی، جس کی اوسط قیمت میں 14 فیصد اضافہ ہوا۔جبکہ دیگر آپریٹروں نے بھی اپنے ٹیرف میں اضافہ کیا ہے، جیسا کہ یوفون نے جون 2022 میں اپنے 42 پیکجز کے ٹیرف میں اوسطاً 16.4 فیصد اضافہ کیا۔
مسابقتی ٹیلی کام مارکیٹ اور ترقی پسند پالیسیوں اور ضوابط کی وجہ سے پاکستان میں ٹیلی کام صارفین دنیا کی سب سے سستی ٹیلی کام خدمات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ (ای آئی یو) کے انکلوسیو انٹرنیٹ انڈیکس 2022 کے مطابق پاکستان میں افورڈ یبلٹی رینکنگ میں 15 پوائنٹس کے لحاظ سے بہتری آئی ہے قبل ازیں سال 2021 میں پاکستان 78 ویں نمبر پر تھا اورسال 2022 میں بنگلہ دیش (64 ویں) سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 ویں نمبر پر آ گیا۔ مزید برآں بوجہ مسابقت پاکستان میں موبائل فون کا شعبہ ایک قلیل اوسط آمدنی فی صارف (اے آر پی یو) کی مارکیٹ ہے جس کی اوسط اے آر پی یو مالی سال 2021 میں 215روپے ماہانہ تھی جو معمولی اضافے کے ساتھ مالی سال 2022 (جولائی 21 تا مارچ 2022)میں 220 روپے ہو گئی ہے۔