08 مئی 2018ء

پی ٹی اے کے زیر اہتمام فنانشل انکلوژن اور ای کامرس پر سیمینار کا انعقاد

اسلام آباد۔8 مئی 2018: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے آج پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں کمرشل لاء ڈویلپمنٹ پروگرام (سی ایل ڈی پی) یو ایس اے کے تعاون سے ”فنانشل انکلوژن اور ای ۔کامرس کے مسائل “پر سیمینار منعقد کیا۔ سیمینار میں پاکستان میں ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ کے مواقع اور اس حوالے سے درپیش مسائل پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ سیمینار میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی،اسٹیٹ بینک آف پاکستان، ٹیلی کام شعبے،ورلڈ بینک کے نمائندوں اور پی ٹی اے کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالصمد (ممبرکمپلائنس اور انفورسمنٹ) نے کہا کہ پی ٹی اے نے ٹیلی کام ریگولیٹر کی حیثیت سے شعبے کیلئے متعدد تخلیقی سلوشنز تیار کئے ہیں۔ایک متحرک اور مسلسل انداز میں عالمی شمولیت کے حصول و اصلاحات کے فروغ کے لئے پی ٹی اے نے نیشنل فنانشل انکلوژن سٹریٹجی (این ایف آئی ایس) کونسل اور سٹیرنگ کمیٹی کی رکنیت اختیار کی بلکہ این ایف آئی ایس کے نفاذ میں نہایت سرگرمی سے کام کیا۔ مزید یہ کہ پی ٹی اے اور ایس بی پی نے فنانشل انکلوژن کو مستحکم کر نے کے لئے ایک موزوں انضباطی فریم ورک تیار کیا ہے۔ اب موبائل آپریٹروں اور مالیاتی اداروں کے مابین کمرشل اورتکنیکی انتظامات کے لئے پی ٹی اے نے ا سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے تھرڈ پارٹی سروس پروائیڈرز( ٹی پی ایس پی) لائسنس جاری کرنے شروع کردیئے ہیں۔

اس موقع پر معروف اداروں سے وابستہ مقررین نے فنانشل انکلوژن کی حوصلہ افزائی کے لئے بین الاقوامی اور نجی اقدامات، ای کامرس کی ترقی اور موجودہ مسائل پر پریزینٹیشن دی۔پاکستان میں فنانشل انکلوژن کے فروغ، فکسڈ/ موبائل کے لئے موزوں ریگولیٹری ادارہ“ پر پینل ڈسکشن کے دوران اہم نکات بیان کئے گئے۔مقررین نے پاکستان میں ڈیجیٹل فنانشل خدمات پر امکانات اور خدشات کا اظہار کرتے ہوئے دیہی اور ملحقہ علاقوں میں بھی غیر جانبدار صنفی پالیسی اور فنانشل انکلوژن کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا۔ 

 

 طیبہ افتخار
اسسٹنٹ ڈائیریکٹر تعلقات عامہ