16 جون 2022ء

سوشل میڈیا کمپنیوں کی رجسٹریشن

اسلام آباد (16 جون، 2022):میکو(ایم آئی سی او) ورلڈ لمیٹڈ، ایک سوشل میڈیا کمپنی نے ''غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے کے (طریقہ کار، نگرانی اور حفاظت) قواعد 2021'' کے تحت پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ساتھ رجسٹریشن کرا لی ہے۔
میکو ورلڈ لمیٹڈ ہانگ کانگ کی کمپنی کو پی ٹی اے نے سگنی فیکنٹ سوشل میڈیا کمپنی (ایس ایس ایم سی) کے طور پر غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے (طریقہ کار، نگرانی اور حفاظت) قواعد 2021 کے قانون 7 (6) کے تحت رجسٹرڈ کیا ہے۔ ایس ایس ایم سی نے دو ایپس یعنی میکو اور یو ہو کی رجسٹریشن کے لیے قواعد کے تحت درخواست جمع کرائی جسے اتھارٹی کی جانب سے منظور کر لیا گیا۔ پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں آج ہونے والی تقریب میں ٹیک کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی اور رجسٹریشن کے حوالے سے عمل مکمل کیا۔
دونوں پلیٹ فارمز یعنی جویو ٹیکنالوجی پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ (اسنیک ویڈیو) اور بیگو سروس پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ (بیگو لائیو، لائیکی) کی رجسٹریشن کے علاوہ تیسری کمپنی کی رجسٹریشن کا یہ اقدام ڈیجیٹل معیشت کی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کے حوالے سے پی ٹی اے کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ 
 
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ