26 مئی 2023ء

پی ٹی اے کی انٹرنیٹ سروسز کی غیر قانونی طور پر فراہمی کے خلاف اقدامات

اسلام آباد (26 مئی 2023): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) انٹرنیٹ سروسز کی غیر قانونی فراہمی کے خاتمے کے لیے اپنی پرعزم کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی اے نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ساتھ مل کر ڈہرکی، ضلع گھوٹکی اور جوہر ٹاؤن، لاہور میں کامیاب چھاپے مارے۔
 چھاپے میں ڈہرکی، ضلع گھوٹکی میں ظفر بازار روڈ پر واقع ایک غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے پر چھاپہ ماراگیا، جس کے دوران غیر قانونی آئی ایس پی کا سامان ضبط کر لیا گیا۔ جبکہ لاہور میں آپریشنل انٹرنیٹ سیٹ اپ پایا گیا، جو بغیر کسی جائز لائسنس کے چلایا جا رہا تھا۔ دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا اور متعلقہ آلات (سوئچ/راؤٹرز وغیرہ) ضبط کر لیے گئے۔ دفتر کو سیل کر دیا گیاہے اور ایف آئی اے قانون کے مطابق مزید انکوائری کر رہی ہے۔
انٹر نیٹ کی غیر قانونی طور پر سروسز کی روک تھام کے حوالے سے کامیاب کوششیں پی ٹی اے کے عزم، مسلسل نگرانی اور غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کو روکنے کے حوالے سے جاری مسلسل کوششوں کو ظاہر کرتی ہیں ۔ یہ اقدامات ٹیکس چوری اور ریونیو کی غلط رپورٹنگ کی روک تھام اور قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصانات کی تلافی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
پی ٹی اے کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے کے لائسنس یافتہ آپریٹر وں سے ٹیلی کام خدمات کے حصول کو ممکن بنائیں تاکہ سروس کے اچانک معطل ہوجا نے کی شکایت سے بچا جا سکے ۔ لائسنس یافتہ آپریٹرز کی فہرست https://pta.gov.pk/en/industry-support/home/list-of-operators پر ملاحظہ کریں : 
 
 
ملاحت عبید 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ