30 نومبر 2018ء

پی ٹی اے نے شکایات کے ازالہ کیلئے موبائل ریسپانسونظام متعارف کردیا

اسلام آباد ۔حکومت پاکستان کی 100 روزہ کارکردگی کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی ا ے )نے صارفین کی شکایات کے ازالہ کیلئے موبائل ریسپانسو نظام متعارف کردیا ہے۔
نئے صارف دوست نظام کا مقصد عوام الناس کے لئے سہولت اور آسانی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ اپنی شکایات کا آن لائن اندراج کرا سکیں۔اس نظام کے ذریعے صارفین کی شکایات مقررہ وقت کے دوران ہی حل کر لی جائیں گی بلکہ صارفین ا پنی شکایت کی موجودہ حیثیت بھی آن لائن معلوم کرسکیں گے۔اس حوالے سے صارف محض چند مطلوبہ معلومات فراہم کرکے اپنی شکایات درج کراسکیں گے۔ یہ نظام موبائل ریسپانسو ہوگا یعنی صارف کو باآسانی اپنی موبائل ڈیوائس کے ذریعے اس نظام تک رسائی ہو گی ۔
پی ٹی اے کی جانب سے اس نظام کی از سر نو ڈیزائننگ ایک اہم اقدام ہے جس کے ذریعے آزادی اظہار رائے اور معلومات تک رسائی کو بھی آسان بنایا گیا ہے۔ ڈیجیٹل سلوشن اور انوویشن کے حوالے سے یہ نظام ملک کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر عوام کے لئے قابل رسائی ہوگا بلکہ اس سے صارف کو ڈیجیٹل حوالے سے ایک نئے تجربے کا بھی حصول ہوگا۔