27  ستمبر 2022ء

پی ٹی اے کی جانب سے فکسڈ براڈ بینڈ سروسز کے لیے ترمیم شدہ کوالٹی آف سروس ریگولیشنز کا اجراء

(27 ستمبر2022ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موجودہ براڈ بینڈ کوالٹی آف سروس ریگولیشنز 2014ء پر نظر ثانی کے بعد تمام متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے ترمیم شدہ فکسڈ براڈ بینڈ ریگولیشنز جاری کر دی ہیں ۔ یہ ریگولیشنز بعد ازاں ''فکسڈ براڈ بینڈ کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) ریگولیشنز، 2022'' کہلائیں گی ۔ 
یہ قواعد و ضوابط موجودہ اور نئی ابھرتی ہوئی فکسڈ براڈبینڈ ٹیکنالوجیز کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دئیے گئے ہیں جن میں ایکس ڈی ایس ایل (ڈیجیٹل سبسکرائبر لائن)، کیبل براڈبینڈ (ڈی او سی ایس آئی ایس 3 ایکس)، فکسڈ وائرلیس، فائبر ٹو دی ہوم (ایف ٹی ٹی ایچ) / جی پی او این، سیٹلائٹ براڈبینڈ وغیرہ شامل ہیں۔ ان کا مقصد سروس فراہم کنندہ کی طرف سے صارفین کو مہیا کی جانے والی خدمات کو بہتر طریقہ سے جانچنا ہے۔ 
ضوابط کی نمایاں خصوصیات میں ایسے پہلو شامل ہیں جیسا کہ ڈاؤن لوڈ نگ ڈیٹا تھرو پٹ کے لیے مقررہ براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی رفتار کم از کم4 ایم بی پی ایس (256 کے بی پی ایس سے بڑھا کر) اور2 ایم بی پی ایس اپ لوڈ ہونا لازمی قرار دی گئی ہے ۔ مشتہر کی گئی ڈاؤن لوڈنگ کی کم ازکم 80 فیصد رفتار ہمہ وقت صارفین کو دستیاب رہنا چاہیے مزید برآں پی ٹی اے کی جانب سے نہ صرف کیو او ایس سروے کئے جائیں گے بلکہ صارفین کو فراہم کی جانے والی سروسز کا باقاعدہ معائنہ کیا جاتا رہے گا۔ علاوہ ازیں ملکی سطح پر ایک ہمہ گیر پروگرام ” نیشنل براڈ بینڈ میژر منٹ پروگرام (این بی ایم )“ کا اطلاق کیا جائے گا جس کے تحت صارفین میں سے رضاکاروں کے ایک گروہ کا انتخاب کرکے انکے ہاں ایسے آلات نصب کئے جائیں گے جو کہ ہمہ وقت سروس کے معیار کا تعین اور اس کی کارکردگی کو جانچتے رہیں گے۔ ان کے حاصل شدہ نتائج اتھارٹی کی جانب سے مختص کردہ سرورز اور طے شدہ مقامات پر دستیاب ہوں گے۔ اس طرح کی جانچ یا تو پی ٹی اے کے مجاز افسران یا اس مقصد کے لیے مقرر کردہ ایجنسی کے ذریعے کی جا سکے گی ۔ 
فکسڈ براڈ بینڈ نیٹ ورکس کے لئے ٹیکنالوجی میں جدت کے باعث موجودہ کی پرفارمنس انڈیکیٹر (کے پی آئی) ،(مثال کے طور پر لیٹنسی، پیکٹ لاس، جٹر، وغیرہ) کے لئے مزید سخت حدیں مقرر کی گئی ہیں۔ مزید برآں کچھ کے پی آئیز جن میں وائس اوور انٹر نیٹ پروٹوکول (وی او آئی پی) سروسز، ویب پیج لوڈنگ ٹائم، اور بینڈوتھ کا استعمال شامل ہیں بھی متعارف کرائے گئے ہیں ۔ ان ضوابط میں براڈ بینڈ سروس(بی ایس پی) فر اہم کرنے والی کمپنیوں کو خاص تاکید کی گئی ہے کہ وہ''نیٹ غیر جانبداری'' کے تصور پر عمل پیرا ہوتے ہوئے کسی بھی قانونی ٹریفک خواہ وہ کسی بھی ایپلی کیشنز، ویب سائٹس، یا انٹرنیٹ پر کسی دوسرے مواد کی تاخیر / بلاکنگ کے حوالے سے ہو اس کوبرابری و مساوات سے متعلقہ صارفین تک پہنچانے کی پابند ہیں۔ 
پی ٹی اے صارفین کو اعلیٰ و معیاری خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملک میں تیز رفتار تکنیکی ترقی کے فروغ کے لیے بھی پرعزم ہے۔
 
 
خرم علی مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ