11 جولائی 2014ء

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی پریس ریلیز آئی ڈی پیز کے لئے جاری ریلیف آپریشن میں پی ٹی اے کی معاونت

اسلام آباد 10جولائی 2014 (پ۔ر)پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے خیبر پختون خواہ کے مختلف علاقوں میں شمالی وزیرستان سے آنے والے آئی ڈی پیز کو سموں کے ذریعے مالی امداد کے حصول میں درپیش مسائل کے پیش نظر ان کی مدد کے لئے اپنی کاوشیں تیز کر دی ہیں۔ حکومت کی جانب سے آئی ڈی پیز کے لئے مالی امداد کا اعلان کیاگیا ہے جو کہ موبائل فون سم کارڈ کے ذریعے دی جارہی ہے۔ 
اس مقصد کے لئے زونگ (چائنا موبائل پاکستان/ سی ایم پاک) نے فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور شفاف اور تیز تر انداز میں آئی ڈی پیز کو امداد کی فراہمی کے لئے مفت سمز فراہم کی جا رہی ہیں۔یہ سمز آئی ڈی پیز کو رقوم کی تقسیم کے لئے استعمال کی جائیں گی۔ آئی ڈی پیزکے درمیان زونگ سمز کی تقسیم کے عمل کو منظم کر نے کے لئے حال ہی میں چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے بنوں اور گردونواح کے علاقوں میں واقع مراکز کے جائیزے کے لئے ایک ٹیم روانہ کی ۔ 
پی ٹی اے کی ٹیم نے ان مراکز کا تفصیلی دورہ کیا اور مزید بہتری کے لئے نتائج سے متعلق زونگ کو آگاہ کیا۔ پی ٹی اے نے اس حوالے سے زونگ کی انتظامیہ سے رابطے کئے جس کے نتیجے میں زونگ نے آئی ڈی پیز کے لئے سمز کا بہت بڑا اسٹاک فراہم کیا او ر اس آپریشن کے لئے افرادی قوت کو بھی بڑھایاتاکہ متاثرین کے مسائل کم کئے جا سکیں۔ پی ٹی اے کی ٹیم نے بے گھر افراد کے مسائل سے متعلق معلومات کے حصول کے لئے بنوں میں کمشنر آفس کا بھی دورہ کیا۔ پی ٹی اے کی جانب سے فالو اپ اور فیڈ بیک کے عمل کا آغاز اس مقصد کے لئے کیا گیا تاکہ آئی ڈی پیز کے درمیان سموں کی تقسیم میں مسائل کو کم سے کم کیا جا سکے۔ یہ آپریشن ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے عبدالصمد کی زیر نگرانی جاری ہے۔ 


خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ