13 اکتوبر 2015ء

پی ٹی اے ہیڈ کوارٹر میں ’’بگ ڈیٹا انالائسز ‘‘ کے موضوع پر سیشن کا انعقاد


اسلام آباد 13 اکتوبر 2015 (پ۔ر) پاکستان ٹیلی کمیو نیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )کے زیر اہتمام پی ٹی اے ہیڈ کوارٹر میں ’’بگ ڈیٹا انالائسز ‘‘ کے موضوع پرایک سیشن منعقد کیا گیا۔ چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ، ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے عبدالصمد، پی ٹی اے کے مختلف شعبوں کے ڈاےئریکٹر جنرلز (ڈی جی ز)جبکہ ٹیلی کم انڈسٹری، اکیڈمیہ کے نمائندوں اور پی ٹی اے کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجو دتھے۔ 
اس موقع پر چےئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ نے کہا کہ بزنس اینا لیٹکس اور بگ ڈیٹا نے حکومتوں اور کاروباری اداروں کا انداز بالکل بدل دیا ہے۔ اس مسابقتی ماحول میں اینا لیٹکس نے ایک نیا معیار اختیار کر لیا ہے جہاں ایڈوانسڈ ایلو گرتھم کے استعمال سے پروپرائٹی اور ڈیٹا کو ایک نیا وژن دیا ہے۔ بگ ڈیٹا اینا لیٹکس میں پاکستان کیلئے بے شمار مواقع ہیں۔
سٹوریج اور کمپیو ٹیشنز میں ٹیکنالوجی کی ترقی سب سے اہم ہے اب بگ ڈیٹا کی انفارمیشنل ویلیو پر خرچ بھی کم آتا ہے اور وقت بھی کم صرف ہوتا ہے۔ بگ ڈیٹا کے دور سے قبل بڑے پیمانے کی ایپلیکیشنز میں اینا لیٹکس میں کفایت ممکن نہ تھی مگر اب روپیہ پیسہ، لوکیشن اور وقت کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔
آج پاکستان کے چھوٹے سے ٹاؤن میں گھر بیٹھے ایک نوجوان آئی بی ایم جیسے ادارہ سے ایڈوانس اینا لیٹکس کی ٹریننگ حاصل کر سکتا ہے۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ دیگر ممالک میں کم آمدنی والے کام کرنے کی بجائے حکومتیں اینا لیٹکس اور بگ ڈیٹا میں اپنے نوجوانوں کو تربیت دے کرایک بین الاقوامی ورک فورس کا حصہ بن سکتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے انڈسٹری، درسگاہوں اور بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ مل کر پی ٹی اے کی طرف سے ٹریننگ کی فراہمی پر زور دیا۔انہوں نے اس حوالے سے پی ٹی اے میں ایک سینٹر قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اکثر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے لہذا مہارت کے شعبوں میں تربیت کے سنہری مواقع موجود ہیں۔ 
اس موقع پر پروفیسرڈاکٹر مرتضٰی حیدر نے اینا لیٹکلزکی روز افزوں طلب پر پاکستانی اداروں کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔انہوں نے شرکاء کو آئی بی ایم کی ذیلی یونیورسٹیbigdatauniversity.com کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ یہ یونیورسٹی بگ ڈیٹا اینالیٹکس پر مفت تربیت فراہم کر رہی ہے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر مرتضٰی حیدر ٹورنٹو میں رئیسن یونیورسٹی میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ ڈاکٹر حیدر سماجی و اقتصادی مسائل کے حل کیلئے اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کے ماہر ہیں۔ ان کے تحقیقی میدان میں اپلائیڈ اینا لیٹکس، ڈیٹا سائنس، ہاؤسنگ مارکیٹ ڈائنامکس کی پیش گوئی، ٹرانسپورٹ / انفراسٹرکچر/ اربن پلاننگ اور جنوبی ایشیاء اور کینیڈا میں ہیومن ڈیویلپمنٹ شامل ہیں۔
 

خرم مہران 
ڈائریکٹر تعلقات عامہ