07 اپریل 2021ء

چوری اور گمشدہ فون بلاک کرنے کے لئے نیا نظام نافذ

اسلام آباد (7اپریل 2021): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے گمشدہ، چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کو بلاک کرنے کے لئے نئے خود کار ”گمشدہ اور چوری شدہ ڈیوائس سسٹم “(ایل ایس ڈی ایس)کا آغاز کر دیا ہے۔ نیا نظام ان صارفین کے لئے مددگار ثابت ہو گا جو موبائل فون چوری ہونے، چھینے جانے یا گم ہو جانے کی صورت میں اسے بلاک کرانا چاہتے ہیں۔ صارفین اپنے موبائل کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنے کے لئے ایسے فون سیٹ کے آئی ایم ای آئی بلاک کرانے کے لئے پی ٹی اے کو درخواست دے سکتے ہیں۔
ایل ایس ڈی ایس ایک خودکار نظام ہے اور پی ٹی اے کی ڈیوائس آئی ڈینٹٹی فیکیشن رجسٹریشن اینڈبلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) کے ساتھ مربوط ہے۔ چوری شدہ موبائل فون شکایت کے اندراج کے بعد ضروری تصدیق کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر بلاک کردیا جائے گا۔
صارفین ویب سائٹwww.pta.gov.pk پر موجود آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کے ذریعے پی ٹی اے کو فون بلاکنگ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں ۔ مزید معلومات / سولات کے لئے صارف پی ٹی اے کنزیومر سپورٹ سینٹر (CSC) ٹول فری نمبر 0800-55055پر (ہفتے کے 7 دن صبح 9 بجے سے رات 9بجے تک) رابطہ کرسکتے ہیں۔ بلاکنگ درخواست کے کامیاب اندراج کے بعد درخواست کنندہ کو ایک حوالہ نمبر فراہم کیا جائے گا۔
 گمشدہ فون مل جانے کی صورت میں شکایت کنندہ کو سی ایم ایس کے ذریعہ ان بلاکنگ کے لئے بھی اسی طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا اور شکایتی حوالہ نمبر کے ساتھ دیگر لازمی تفصیلات بھی فراہم کرنی ہوں گی جو انہوں نے موبائل فون بلاک کرتے وقت فراہم کی تھیں ۔ موبائل فون ان بلاک ہوجانے کے بعد صارف کو فراہم کردہ نمبر پر ایک ایس ایم ایس موصول ہوگا۔
واضح رہے کہ اب تک پی ٹی اے کے ٹول فری نمبر-25625 0800پر فون کرکے اور imei@pta.gov.pkپر یا سی پی ایل سی، کراچی کے توسط سے چوری شدہ، چھینے گئے اور گمشدہ موبائل فون کو بلاک یا ان بلاک کیا جا رہا تھا۔ نیا نظام متعارف ہونے کے بعداب یہ ذرائع فون بلاک یا ان بلاک کرانے کیلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔
 
خرم علی مہران 
ڈائیریکٹر تعلقات عامہ